نئی ٹی ٹونٹی رینکنگ، رضوان پہلی اور بابر تیسری پوزیشن پر برقرار
دبئی (مسائل نیوز) آئی سی سی نے ٹی ٹونٹی پلیئرز کی نئی رینکنگ جاری کر دی ہے۔ بیٹرز کی نئی ٹی ٹونٹی رینکنگ میں پاکستان کے وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان کی پہلی پوزیشن برقرار ہے جب کہ بھارت کے سوریا کمار یادیو کا رینکنگ میں دوسرا نمبر ہے۔ پاکستان ٹیم کے کپتان بابر اعظم رینکنگ میں تیسرے نمبر پر برقرار ہیں جب کہ جنوبی افریقا کے کوئنٹن ڈی کوک 6 درجے بہتری کے بعد 12 ویں نمبر پر آگئے ہیں۔
بولرز کی رینکنگ میں آسٹریلیا کے جوش ہیزل ووڈ کا پہلا نمبر برقرار ہے جب کہ افغانستان کے راشد خان رینکنگ میں دوسری پوزیشن پر آگئے ہیں۔ سری لنکا کے ونندو ہسارنگا تیسرے اور آسٹریلیا کے ایڈم زمپا چوتھے نمبر پر آگئے ہیں۔ جنوبی افریقا کے تبریز شمسی رینکنگ میں پانچویں نمبر پر چلے گئے ہیں۔