MNN News
مسائل آپ کے اجاگر ہم کرینگے

وزیر اعظم کی ابو ظہبی کے ولی عہد سے ملاقات۔۔تجارت اور معاشی تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کا عزم

0 232

Get real time updates directly on you device, subscribe now.

اسلام آباد (مسائل نیوز) پاکستان اور متحدہ عرب امارات نے سرمایہ کاری، معاشی ترقی، توانائی، ڈھانچے اور زراعت کے شعبوں میں شراکت داریاں تشکیل دینے اور تعاون تیز کرنے پر خصوصی توجہ مرکوز کرتے ہوئے تجارت اور معاشی تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اظہار کیا ہے ، دونوں ممالک نے اس عزم کا اظہار گزشتہ روز یہاں وزیراعظم شہباز شریف اورابوظہبی کے ولی عہدومتحدہ عرب امارات کی مسلح افواج کے ڈپٹی سپریم کمانڈر عزت مآب شیخ محمد بن زاید آل نھیان کے درمیان ملاقات کے دوران کیا ۔
وزیراعظم شہباز شریف نے متحدہ عرب امارات کے بانی اور پہلے صدر عزت مآب شیخ زاید بن سلطان آل نھیان (اللہ تعالی ان کی مغفرت فرمائی) کی بصیرت افروز قیادت اور پاکستان۔

- Advertisement -

یواے ای کی دوستی کی مضبوط بنیاد قائم کرنے کے لئے ان کی کاوشوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی حکومت مرحوم شیخ زاید بن سلطان آل نھیان کی بصیرت کی روشنی میں دونوں ممالک کے باہمی مفاد میں تعلقات کو مزید پختہ اور مضبوط بنانے کیلئے پر عزم ہے ،وزیراعظم شہباز شریف سعودی عرب کے دورے کے اختتام پر ابوظہبی پہنچے ،کابینہ کے کلیدی ارکان اور اعلی حکام بھی ملاقات کے دوران وزیراعظم کے ہمراہ تھے۔

ولی عہد نے شہبازشریف کو وزیراعظم پاکستان کا منصب سنبھالنے پر مبارک باد دی اور ان ذمہ داریوں میں عظیم کامیابی کے لئے اپنی نیک تمنائوں کا اظہار کیا۔ انہوں نے پاکستان کے عوام کی ترقی اور خوش حالی کیلئے خیرسگالی اور نیک خواہشات کا بھی اظہار کیا۔ دونوں رہنمائوں نے متعد دوطرفہ، علاقائی اور عالمی امور پر تفصیلی مشاورت کی۔ متحدہ عرب امارات کی تاریخ ساز ترقی اور تیز ترین اولین پچاس سال کا حوالہ دیتے ہوئے وزیراعظم نے یواے ای کی قیادت اور عوام کو مبارک پیش کی اور آنے والی دہائیوں میں مزید کامیابیوں اور کامرانیوں کیلئے نیک تمنائوں کا اظہار کیا۔
وزیراعظم نے دوبئی عالمی نمائش 2020 کے کامیاب انعقاد پریواے ای کی قیادت اور نمائش منعقد کرنے والی ٹیم کو مبارک دی جو بھرپور اور شاندار کامیابی سے ہمکنار ہوئی۔ وزیراعظم شہبازشریف نے دوطرفہ اور عالمی فورمز پر پاکستان کی دیرینہ اور بھرپور حمایت پریوایای کو خراج تحسین پیش کیا اورخاص طور پر یوایای۔ پاکستان اعانت پروگرام کے تحت پاکستان میں انسانی خدمت وفلاح کے منصوبہ جات شروع کرنے اور کورونا عالمی وبا کے دوران متحدہ عرب امارات کی طرف سے فراہم کردہ کلیدی امداد کی تحسین کی۔
انہوں نے 1.7 ملین پاکستانیوں کی عزت ووقار کے ساتھ میزبانی کرنے پر یواے ای سے اظہار تشکر کیا جو نہ صرف دونوں ممالک کے درمیان پل کا کردار ادا کررہے ہیں بلکہ پاکستان کا فخر بھی ہیں۔ عزت مآب شیخ محمد زاید آل نھیان کے پوری دنیا سے پولیو ختم کرنے کے نیک اقدام کو اجاگر کرتے ہوئے وزیراعظم شہبازشریف نے اس موذی مرض کے خاتمے کیلئے عالمی کوششوں کی بھرپور حمایت میں متحدہ عرب امارات کے کردار کو خراج تحسین پیش کیا، مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کا جائزہ لیتے ہوئے دونوں راہنمائوں نے سرمایہ کاری، معاشی ترقی، توانائی، ڈھانچے اور زراعت کے شعبوں میں شراکت داریاں تشکیل دینے اور تعاون تیز کرنے پر خصوصی توجہ مرکوز کرتے ہوئے تجارت اور معاشی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کا عزم ظاہر کیا۔
ولی عہد نے دنوں ممالک کی آنے والی نسلوں کے مفاد میں قریبی دوطرفہ برادرانہ تعلقات کو مضبوط بنانے کیلئے موثر کاوشیں کرنے سے متعلق وزیراعظم کو یقین دلایا۔ انہوں نے یواے ای میں رہائش پذیرپاکستانیوں کی جانب سے متحدہ عرب امارات کی تعمیر وترقی میں تعمیری کردار کی تعریف کی اور کہا کہ پاکستانی اس وقت یہاں تھے جب دوسرے ممالک کے باشندوں کی یہاں محدود موجودگی اور کاوشیں تھیں۔
انہوں نے کہاکہ پاکستان اور یواے ای ہر مشکل گھڑی میں ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہے ہیں اور مستقبل میں بھی ایک دوسرے کی مدد جاری رکھیں گے۔ انہوں نے عوامی فلاح کے لئے دونوں برادر ممالک کے درمیان رابطوں کی مضبوطی کی اہمیت پر زور دیا، دونوں رہنمائوں نے علاقائی اور عالمی اہمیت کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔ باہمی مفاد کے تمام امور اور اقوام متحدہ،اوآئی سی سمیت کثیرالقومی فورمز پر اشتراک عمل سے موقف اختیار کرنے کے لئے مستقل رابطہ برقرار رکھنے کا فیصلہ کیاگیا۔ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان باہمی اعتماد، ہم آہنگی اور قریبی تعاون پر مبنی تاریخی دیرینہ برادرانہ تعلقات استوار ہیں۔

Get real time updates directly on you device, subscribe now.

Leave A Reply

Your email address will not be published.