بارودی سرنگیں ڈھونڈنے اور ٹی بی کا پتا چلانے والے ’ہیرو چوہے‘
ڈوڈوما(ویب ڈیسک ) تنزانیہ کی ایک تنظیم ’اوپوپو‘ (اوپوپو) پچھلے چند سال سے بڑی جسامت والے مقامی چوہوں کی مدد سے بارودی سرنگیں ڈھونڈنے کے علاوہ ٹی بی کا پتا چلانے کا کام بھی لے رہی ہے۔ اسی مناسبت سے انہیں ’ہیرو چوہوں‘ کا نام دیا گیا ہے۔باردوی سرنگوں اور ٹی بی کا سراغ لگانے کےلیے یہ تنظیم کتوں کے علاوہ چوہوں کی خداداد صلاحیتوں سے بھی خوب فائدہ اٹھا رہی ہے۔ یہی وہ چوہے ہیں جنہیں ’ہیرو چوہوں‘ کا خطاب دیا گیا ہے۔واضح رہے
کہ سونگھنے کے معاملے میں چوہے بھی کتوں کی طرح بہت تیز ہوتے ہیں اور دور سے ا تی ہوئی معمولی بدبو سونگھ کر اس جگہ کی سمت اور فاصلے کا پتا لگا لیتے ہیں جبکہ ان کی یادداشت بھی بہت مضبوط ہوتی ہے۔تنزانیہ اور دوسرے افریقی ممالک میں مسلسل بغاوتوں اور خانہ جنگی کے باعث ان گنت بارودی سرنگیں جگہ جگہ دفن ہیں جو معصوم بچوں اور عام لوگوں کی بڑی تعداد کو ہلاک کرنے کے علاوہ انہیں زندگی بھر کےلیے معذور بھی کررہی ہیں۔گزشتہ ماہ اس تنظیم نے ایک نئے منصوبے کا ا غاز کیا ہے جس میں چوہوں کو تلاش اور امداد جیسی کارروائیوں کی تربیت بھی دی جارہی ہے۔
- Advertisement -
یہ تنظیم پچھلے بیس سال سے تنزانیہ میں مختلف سماجی کاموں میں مصروف ہے جن میں کسانوں کی فلاح و بہبود، بارودی سرنگوں سے حفاظت اور ان دھماکوں سے معذور ہوجانے والے لوگوں کی بحالی بطورِ خاص شامل ہیں۔بارودی سرنگوں کی نشاندہی کےلیے تربیت یافتہ کتے برسوں سے استعمال کیے جارہے ہیں لیکن ایسے ایک کتے کی تربیت اور دیکھ بھال پر لاکھوں ڈالر خرچ ہوجاتے ہیں۔
غریب ممالک کےلیے یہ اخراجات برداشت کرنا بہت مشکل رہتا ہے۔’اپوپو‘ نے اس مسئلے کا حل ’بڑے تھیلی دار چوہوں‘ کی شکل میں ڈھونڈا، جو تنزانیہ سمیت افریقہ کے مختلف ممالک میں عام پائے جاتے ہیں۔اب تک یہ چوہے تنزانیہ میں ہزاروں انسانی جانیں بچا کر اپنی افادیت ثابت کرچکے ہیں جبکہ دوسرے جنگ زدہ افریقی ملکوں میں بھی ان کی مانگ بڑھ رہی ہے۔