آن لائن جوا! بھارتی اداکارہ اروشی روتیلا کونسی مشکل میں پھنس گئیں؟
ممبئی(مسائل نیوز)بھارتی اداکارہ اور ماڈل اروشی روتیلا اور سابق رکن پارلیمنٹ میمی چکروورتی کو بھارت کی انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے غیر قانونی آن لائن بیٹنگ پلیٹ فارم ون ایکس بیٹ کے مبینہ آپریشنز کی تحقیقات کے سلسلے میں طلب کر لیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ای ڈی نے اروشی روتیلا کو منگل کے روز دہلی میں مرکزی دفتر پیش ہونے کا حکم دیا ہے جبکہ میمی چکروورتی کو ایک دن پہلے ہی حکام کے سامنے پیش ہونے کی ہدایت دی گئی ہے۔
اطلاعات کے مطابق دونوں شخصیات سے منی لانڈرنگ ایکٹ کے تحت بیانات ریکارڈ کیے جائیں گے۔ ای ڈی کا کہنا ہے کہ یہ کارروائی آن لائن بیٹنگ ایپس کے ذریعے مبینہ منی لانڈرنگ کے بڑے مقدمے کا حصہ ہے۔
- Advertisement -
ان پلیٹ فارمز پر اشتہارات چلانے اور صارفین سے رقوم اکٹھی کرنے کے شواہد سامنے آئے ہیں، جن میں ان دونوں شخصیات کا نام بھی شامل ہے کیونکہ وہ اس سے قبل ان غیر قانونی بیٹنگ ایپس کو فروغ دے چکی ہیں۔
بھارت میں آن لائن بیٹنگ اور گیمنگ ایپس گزشتہ عرصے سے ای ڈی کی کڑی نگرانی میں ہیں۔ ان پر منی لانڈرنگ اور ٹیکس چوری کے سنگین الزامات لگائے گئے ہیں۔
اس سے قبل بھی کئی نامور اداکاروں اور کرکٹرز کو طلب کیا جا چکا ہے جن پر الزام ہے کہ انہوں نے غیر قانونی ایپس کی تشہیر کر کے صارفین اور سرمایہ کاروں کو بھاری مالی نقصان پہنچایا۔