بھارتی بیڈ منٹن اسٹار جویلا گٹا نے بیٹی کی پیدائش کے بعد اپنا 30 لیٹر دودھ اسپتال کو عطیہ کردیا
ممبئی (مسائل نیوز)بھارت کی نامور بیڈ منٹن اسٹار جویلا گٹا نے ماں بننے کے بعد ایک ایسا قدم اٹھایا ہے جس نے لاکھوں دل جیت لیے۔ اپریل میں بیٹی میرا کی پیدائش کے بعد وہ ایک اسپتال میں ڈونر ملک ڈرائیو کے ذریعے ماں کا دودھ عطیہ کر رہی ہیں اور اب تک 30 لیٹر دودھ دے چکی ہیں۔
جویلا گٹا نے اپنے شوہر اور معروف اداکار و پروڈیوسر وشنو ویشال کے ساتھ یہ خوشخبری سوشل میڈیا پر شیئر کی تاکہ نوزائیدہ بچوں خصوصاً قبل از وقت پیدا ہونے والے اور بیمار بچوں کے لیے ماں کے دودھ کی اہمیت اجاگر ہو۔
ان کا کہنا تھا کہ ماں کا دودھ بچوں کے لیے زندگی بچانے والا امر ہے اور جو خواتین عطیہ دینے کے قابل ہیں وہ کسی ضرورت مند خاندان کے لیے ہیرو بن سکتی ہیں۔
- Advertisement -
رپورٹس کے مطابق جویلا پچھلے چار ماہ سے باقاعدگی کے ساتھ دودھ عطیہ کر رہی ہیں تاکہ وہ بچے بھی فائدہ اٹھا سکیں جن کی مائیں دنیا میں نہیں رہیں یا جو نازک حالت میں اسپتالوں میں زیرِ علاج ہیں۔
ایک شخص نے ان کے اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ ماں کے دودھ میں ڈی ایچ اے پایا جاتا ہے جو کسی پاؤڈر یا ڈیری دودھ میں موجود نہیں ہوتا اور یہ بچوں کی جسمانی و دماغی نشوونما کے لیے انتہائی ضروری ہے۔‘‘
سوشل میڈیا پر انہیں زبردست خراجِ تحسین پیش کیا جا رہا ہے۔ ایک صارف نے لکھاکہ کمال ہے! ہمیں آپ پر فخر ہے جویلا ، آپ ہمیشہ چیمپئن رہی ہیں۔ ایک اور صارف نے کہا آپ ایک سچی ہیرو ہیں، سونے دل والی ایتھلیٹ۔
یاد رہے کہ جویلا اور وشنو کی شادی 22 اپریل 2021 کو ہوئی تھی اور چار سال بعد اپنی شادی کی سالگرہ کے دن ہی انہوں نے بیٹی میرا کو خوش آمدید کہا۔