وزیر اعظم آزاد کشمیر کو 2005 کا ہولناک زلزلہ یاد آ گیا، ترکیہ کے لیے ذاتی حیثیت میں ایک کروڑ روپےامداد کا اعلان
اسلام آباد(مسائل نیوز) ترکیہ اور شام میں زلزلے کے باعث ہونے والی اموات کی تعداد41 ہزار سے تجاوز کر چکی ہے۔ ہزاروں افراد زخمی ہیں جبکہ زلزلے سے دونوں ممالک میں 8 لاکھ سے زائد افراد بے گھر ہوئے ہیں۔اقوام متحدہ کے ورلڈ فوڈ پروگرام نے ترکیہ اور شام میں خوراک پہنچانے کے لیے 77 ملین ڈالر کی اپیل کی ۔ ترک صدر رجب طیب اردوان نے زلزلے کے بعد تسلیم کیا تھا کہ ابتدا میں فوری حکومتی ردعمل میں کچھ مسائل تھے لیکن اب صورتحال کنٹرول میں ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم نہ صرف اپنے ملک بلکہ انسانیت کی تاریخ کی سب سے بڑی قدرتی آفت کا سامنا کر رہے ہیں،اس مشکل صورتحال میں دوست ملک خصوصی طور پر ترکی کی مدد کر رہے ہیں جبکہ پاکستانی بھی ترک بہن بھائیوں کی بڑھ چڑھ کر مدد کر رہے ہیں۔
اس وقت پاکستان کی مسلح افواج کی ٹیمیں بھی ترکیہ میں موجود ہیں۔ پاکستان کی مسلح افواج کی طرف سے مشکل کی گھڑی میں ترکیہ کے لیے مسلسل امداد جاری ہے۔
- Advertisement -
جب کہ پاکستان کی مالدار شخصیات کی جانب سے بھاری امداد کا بھی اعلان کیا جا رہا ہے۔ وزیر اعظم آزاد کشمیر نے ترکیہ زلزلہ متاثرین کے لیے ذاتی حثیت میں بھاری امداد کا اعلان کر دیا۔ وزیر اعظم آزاد کشمیر تنویر الیاس کی جانب سے ترکیہ کے زلزلہ متاثرین کی ایک کروڑ روپے کی امداد کی جائے گی۔تنویر الیاس نے کہا ہے کہ ترکیہ اور پاکستان کا بڑا مضبوط رشتہ ہے، آزاد کشمیر میں 2005 کا زلزلہ ہولناک تھا۔
ترکیہ صدر سمیت عوام نے کھل کر کشمیریوں کی مدد کی تھی۔انہوں نے مزید کہا کہ آزاد کشمیر میں ایک سے 5 گریڈ تک ملازمین ایک دن کی تنخواہ زلزلہ متاثرین کو دے رہے ہیں۔ پانچ سے اوپر گریڈ کے ملازمین 5دن کی تنخواہ ترکیہ زلزلہ متاثرین کو بھیج رہے ہیں،دکھ کی گھڑی میں ترکیہ عوام کو احساس دلانا ہے کہ ہم ان کے ساتھ ہیں۔ اس سے قبل پاکستانی شخص نے خاموشی سے ترکی اور شام کے زلزلہ متاثرین کیلئے 30 ملین ڈالرز (ساڑھے 8 ارب روپے سے زائد) عطیہ کردئیے۔
ترک خبر رساں ادارے کے مطابق ایک پاکستانی شخص امریکا میں ترک سفارتے خانے میں داخل ہوا اور اپنی شناخت ظاہر کیے بغیر 30 ملین ڈالرز کی امداد دیکر چلا گیا۔ اس حوالے سے وزیراعظم شہباز شریف نے بھی ٹوئٹر پر ایک پوسٹ میں کہا کہ ایک پاکستانی کی جانب سے خاموشی سے ترکی اور شام کے زلزلہ متاثرین کے لیے 30 ملین ڈالرز کی امداد کے عمل نے ان کے دل کو چھولیا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ خدمت خلق کی ایسی ہی شاندار مثالیں ہیں جو انسانیت کو درپیش مشکلات کا مقابلہ کرنے کے قابل بناتی ہیں۔