پی ٹی آئی ممبران اسمبلی کی بڑی تعداد عمران خان کا ساتھ چھوڑ چکی
اسلام آباد(مسائل نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما نئیر بخاری کا کہنا ہے کہ اسمبلیاں توڑنے کا ڈرامہ کرنے والا یوٹرن ماسٹر معافی کے لیے پاؤں پکڑنے اور ہاتھ جوڑنے پر آ گیا ہے۔انہوں نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ پی ٹی آئی ممبران اسمبلی کی بڑی تعداد نااہل عمران خان کا ساتھ چھوڑ چکی ہے،ڈپٹی پارلیمانی لیڈر شاہ محمود قریشی لاپتہ اور پرویز خٹک ، اسد عمر اور مرکزی لیڈر پی ٹی آئی وفد سے لاتعلق رہے۔
نالائق اور ناکام عمران خان کی جمہوری نظام کے خلاف سازش پر پی ٹی آئی میں دراڑیں کھل کر سامنے آ رہی ہیں۔دوسری جانب چئیرمین پی ٹی آئی عمران خان نے اسپیکر سے رابطہ کرنے والے پارٹی ارکان اسمبلی کے نام مانگ لیے ہیں۔ عمران خان نے سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی سربراہی میں کمیٹی بھی قائم کر دی ہے، جو اسپیکر قومی اسمبلی کے ساتھ رابطہ کرنے والوں کا تعین کر کے تین روز میں نام عمران خان کو پیش کرے گی۔
عمران خان نے تمام پارٹی ارکان کو فوری طور پر سرکاری قیام گاہیں چھوڑنے کا حکم بھی دے دیا۔ عمران خان نے ہدایت کی کہ ارکان قومی اسمبلی ایک ہفتے کے اندرسرکاری رہائش گاہیں چھوڑیں، سرکاری مراعات لینے والے ارکان کےخلاف پارٹی ڈسپلن کے تحت کارروائی ہوگی۔ ذرائع پی ٹی آئی کا کہنا ہے کہ کمیٹی کے سربراہ اسد قیصر مذاکرات کیلئے پارٹی کے مزید 4 ارکان کو شامل کریں گے، کمیٹی اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف کے ساتھ رابطہ کرنے والوں کا تعین کرے گی، اسد قیصر 3 روز میں عمران خان کواسپیکر سے رابطہ کرنے والوں کے نام پیش کریں گے۔ذرائع پی ٹی آئی کے مطابق اسد قیصر نے اس سے قبل عمران خان کو اسپیکر راجہ پرویز اشرف سے ملاقات کی تفصیلات سے آگاہ کیا تھا۔