امریکی اور چینی صدور کی ملاقات میں اہم پیشرفت، ٹرمپ کا چین پر ٹیرف کم کرنے کا اعلان
بوسان(مسائل نیوز) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور چینی صدر شی جنگ پنگ کے درمیان اہم ملاقات ہوئی، ٹرمپ نے چین کے ٹیرف میں 10 فیصد کمی کر دی۔
جنوبی کوریا کے دورے پر ہونے والی ملاقات میں ڈونلڈ ٹرمپ trump نے چینی صدر کو کہا کہ آپ سے دوبارہ مل کر خوشی ہوئی۔انہوں نے کہاکہ امید ہے ملاقات انتہائی کامیاب ہوگی۔
امریکی صدر کا کہنا تھا کہ ہوسکتا ہے چین کے ساتھ آج ہی ڈٖیل ہوجائے، ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ کچھ چیزوں پر اتفاق ہے، بہت سی چیزوں پر ہوجائے گا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق چینی صدر شی جن پنگ نے کہا کہ چین اورامریکا کو ایک دوسرے کا دوست اور پارٹنرہونا چاہئے، انہو ں نے کہا کہ ٹریڈ ڈیل کی بنیادی باتوں پر اتفاق ہوچکا ہے۔
چینی صدر نے کہا کہ ہم ہمیشہ ہر بات پر متفق نہیں ہوتے، یہ بالکل معمول کی بات ہے، ان کا کہنا تھا کہ معیشتوں کے درمیان اختلافات یا ٹکراؤ ہونا ایک عام عمل ہے۔
چین نے دیگر عالمی تنازعات کے حل کے لیے امن مذاکرات کو بھی فروغ دیا ہے،انہوں نے کہا کہ غزہ میں حالیہ جنگ بندی کے لیے ٹرمپ کی شاندار کوششوں کو سراہتا ہوں۔
- Advertisement -
چینی صدر شی جن پنگ نے کہا کہ دونوں ممالک کی ترقی کے لیے ایک مثبت ماحول تشکیل دینا ضروری ہے،امریکا کے ساتھ کام جاری رکھنے کے لیے تیار ہیں تاکہ دوطرفہ تعلقات کی مضبوط بنیاد قائم ہو سکے۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے چینی صدر سے ملاقات کے بعد ایئر فورس ون میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ آئندہ سال اپریل میں چین کا دورہ کریں گے، میرے دورہ چین کے بعد چینی ہم منصب واشنگٹن کا دورہ کریں گے۔
امریکی صدر نے کہا کہ چینی صدر سے ملاقات بہترین رہی، کئی اہم فیصلے ہوئے، ملاقات میں ہم دونوں اہم نکات پر فیصلے پر پہنچے ہیں، انہوں نے کہا کہ تجارتی معاہدے پر پہنچنے کیلئے زیادہ رکاوٹیں نہیں ہیں،ہر سال معاہدے پر از سر نو مذاکرات ہوں گے۔
ٹرمپ نے کہا کہ چین سویا بین کی خریداری شروع کرے گا، فینٹانائل کی فراہمی روکنے کیلئے کام کیا جائے گا، انہوں نے کہا کہ چین پر محصولات 20 فیصد سے کم کر کے 10 فیصد کردی گئی ہیں، انہوں نے بتایا کہ چین کو چپس فروخت کرنے کے معاملے پر بھی تبادلہ خیال ہوا ہے۔
امریکی صدرکا کہنا تھا کہ نایاب معدنیات پر چین کے برآمدی کنٹرول پر بات چیت کی، چین پر ٹیرف کی شرح 57 فیصد سے کم کر کے 47 فیصد کر دی گئی، ان کا کہنا تھا کہ یوکرین کے معاملے پر کافی دیر تک بات کی، دیکھنا چاہتے ہیں مل کر کیا کر سکتے ہیں۔
امریکی صدرڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ تائیوان کے معاملے پر چینی صدر شی جن پنگ سے بات نہیں کی۔