ڈیرہ اسماعیل خان (مسائل نیوز) ڈیرہ اسماعیل خان میں پولیس چیک پوسٹ پر دہشت گردوں کے حملے میں 2 پولیس اہلکار شہید اور 4 زخمی ہوگئے۔ دنیا نیوز کے مطابق ڈیرہ اسماعیل خان میں درابن پولیس چیک پوسٹ پر دہشت گردوں نے حملہ کیا جس کے نتیجے میں پولیس اہلکار سمیت محکمہ وائلڈ لائف کا دیہاڑی پر تعینات کردہ پرائیویٹ اہلکار شہید اور 4 پولیس اہلکار زخمی ہوگئے، شہید ہونے والے پولیس اہلکار کی شناخت حضرت حسین اور وائلڈ لائف اہلکار شہید نعمت اللہ ہے۔
بتایا گیا ہے کہ دہشت گردوں کے حملے میں زخمی ہونے والوں میں بلال، عمران، نصراللہ اور نقیب اللہ شامل ہیں جنہیں ڈسٹرکٹ ہسپتال ڈیرہ پہنچایا گیا، ڈی پی او ڈیرہ کیپٹن ریٹائرڈ نجم الحسنین لیاقت زخمیوں کی عیادت کرنے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال ڈیرہ پہنچے، پولیس اور سکیورٹی فورسز کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا۔
گزشتہ روز ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے درہ زندہ میں سکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں میں جھڑپ ہوئی،شدید فائرنگ کے نتیجے میں دو سکیورٹی اہلکار شہید ہو ئے، آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ شہید ہونے والوں میں نائیک ساجد حسین اور سپاہی محمد اسرار شامل ہیں، 33 سالہ شہید نائیک ساجد حسین کا تعلق خوشاب سے اور 26 سالہ سپاہی محمد اسرار کا تعلق اٹک سے تھا، سکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا، دہشت گردوں کے خاتمے کیلئے علاقے کی کلیئرنس جاری ہے۔
ادھر سی ٹی ڈی نے کوہاٹ میں آپریشن کرکے دو انتہائی مطلوب دہشتگردوں کو گرفتار کرلیا، دونوں دہشتگردوں کے سروں کی پانچ سے بیس لاکھ تک قیمت مقرر تھی، جن کی گرفتاری کے لیے سی ٹی ڈی نے خفیہ اطلاعات پر کوہاٹ میں دہشتگردوں کے خلاف کاروائی کی، جس کے تحت کوہاٹ سے کالعدم تنظیم کے دو دہشتگردوں کو گرفتار کرلیا گیا، دونوں دہشتگردوں کو نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا، دہشتگرد طارق اور عرف ایاز کے سر کی قیمت 20 لاکھ روپے مقرر تھی، دہشتگرد عبدالوہاب کے سر کی قیمت 5 لاکھ روپے مقرر تھی۔
Get real time updates directly on you device, subscribe now.