چیئرمین پی ٹی آئی مکافات عمل کا شکار ہیں
اسلام آباد (مسائل نیوز) وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال کا آڈیو لیکس سے متعلق کہنا ہے کہ یہ بہت نقصان دہ عمل ہے،اس طرح کی طرز سیاست کو گزشتہ چار سالوں میں عمران خان نے لیڈ کیا ہے،میرا یہ یقین ہے کہ عمران مکافات عمل کا شکار ہیں۔ احسن اقبال نے سماء نیوز کے پروگرام ریڈ لائن میں بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان نے بے رحمی کے ساتھ لوگوں کی کردار کشی کی اور بہتان لگائے۔
میرے خلاف جلسہ میں ’’ ڈاکو ڈاکو ‘‘ کے نعرے لگوائے۔ انہوں نے دعویٰ کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان میرے ساتھ بیٹھے اور بتائیں کہ وہ کس طرح مجھ سے کم انکم ٹیکس دے کر تین سو کنال کے گھر میں رہتے ہیں۔آڈیو لیکس کے پیچھے کوئی بھی خفیہ ہاتھ ہو سکتا ہے،اندرون ملک پی ٹی آئی کے اپنے لوگ بھی اس کام میں ملوث ہو سکتے ہیں۔
احسن اقبال نے وزیر اعظم شہباز کی آڈیو لیک سے متعلق کہا کہ اس میں بھی کئی عناصر ملوث ہو سکتے ہیں،کوئی اندر کا بندہ ہو سکتا اور کوئی باہر سے لوگ ملوث ہو سکتے ہیں۔
- Advertisement -
یہ ایسا طرز عمل ہے جیسے عمران خان نے شروع کیا۔جتنی انہوں نے الزام تراشی اور بہتان لگائے،ایک وقت آئے گا کہ عمران خان خود منہ چھپاتے پھریں گے،انہوں نے ریاست مدینہ کا جو لبادہ اڑا ہوا تھا اور لائسنس لیا تھا کہ جس کو چاہیں گالیاں نکال دیں۔ قبل ازیں احسن اقبال نے فواد چوہدری کا ن لیگی ایم پی ایز سے رابطے کا دعویٰ مسترد کیا اور کہا کہ جب پی ٹی آئی کے پاس مطلوبہ تعداد ہے تو ایوان میں اعتماد کا ووٹ کیوں نہیں لیتے، بوکھلاہٹ کا شکار کیوں ہیں۔
وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا حقیقت یہ ہے عمران خان کی منفی سیاست سے اب خود پی ٹی آئی کے ارکان بھی بیزار ہوچکے ہیں۔ واضح رہے کہ پی ٹی آئی کے سینئر رہنما فواد چوہدری نے دعوی کیا کہ ن لیگ کے کچھ ایم پی ایز ہمارے ساتھ سیٹ ایڈجسمنٹ کرنا چاہتے ہیں، ن لیگ کے کچھ ایم پی ایز رابطے میں ہیں، مارچ اور اپریل میں انتخابات ہوسکتے ہیں۔