پاک چین دو طرفہ تعلقات خراب کرنے کی ہر سازش ناکام بنا دی جائے گی
کوئٹہ (مسائل نیوز) پاک چین دو طرفہ تعلقات خراب کرنے کی ہر سازش ناکام بنا دی جائے گی ۔ان خیالات کا اظہار سینیٹر ثمینہ ممتا ز زہری نے جامعہ کراچی میں چینی اساتذہ کی گاڑی پر خودکش حملے میں ہلاک ہونے والے چینی اور مقامی افراد کی ہلاکت پر دلی افسوس اور رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے اپنے مذمتی بیان میں چینی قونصل جنرل اور چینی شہریوں سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاک چین دوستی لازوال ہے اور اس پر کوئی دوسری رائے نہیں ہے ۔چینی شہریوں کی جانوں کے ضیاع پر بہت دکھ اور افسوس ہے۔ دہشت گردی کا واقعہ انتہائی قابل مذمت اور افسوسناک ہے پاکستان اور چین کی لازوال دوستی اور سی پیک کی کامیابی دشمنوں سے ہضم نہیں ہو رہیںاور اس طرح کے منفی ہتھکنڈوں سے پاک چین دوستی کو نقصان پہنچانے کی سازشیں کامیاب نہیں ہونے دی جائیں گی۔چینی اساتذہ پر حملہ میں ہلاکتیں ہمارا مشترکہ غم ہے اور اس میں ملوث عناصر سے پوری قوت سے نمٹیں گے۔ دھماکے میں ہلاک ہونے والے چینی اور مقامی باشندوں کا خون رائیگاں نہیں جائے گا۔دہشت گردوں کو قیمت چکانا پڑے گی اور مجرموں کو جلد کٹہرے میں لایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں دہشت گردی کے پیچھے بھارت کا ہاتھ ہے اور وہ پاکستان مخالف نام نہاد تنظیموں کو استعمال کر کے اورمقامی لوگوں کو ورغلا کر اپنے مذموم مقاصد کے حصول کے لئے استعمال کررہا ہے ہیں جس کی ہم بھرپور مذمت کرتے ہیں اور یہ باور کرا دینا چاہتے ہیں کہ ملکی سالمیت کے لئے ہر قسم کے اقدامات کئے جائیں گے اور جلد دشمنوں اور ان کے آلہ کاروں کو کیفر کردار تک پہنچا دیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ چند بھٹکے ہوئے نوجوانوں کو سمجھنا چاہئے کہ بھارت ہمارا دشمن ملک ہے اور وہ پاکستانیوںکا خیر خواہ نہیں اور دشمن انہیں صرف اپنے مقاصد کے لئے استعمال کرتے ہیں ۔پاکستانیوں کی بقاءپاکستان کی سالمیت اور سلامتی کے ساتھ جڑی ہوئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ناراض اور بھٹکے ہوئے لوگ راہ راست پر آجائیں اور قومی دھارے میں شامل ہو کر اپنی صلاحیتیں پاکستان اور اپنی ترقی و خوشحالی کے لئے صرف کریں ۔سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے کہا کہ چین نے ہمیشہ پاکستان کا ساتھ دیا ہے اور سی پیک منصوبہ چین ہی کی مرہون منت ہے لیکن دشمن پاک چین دوستی کے درپے ہے اور اسے کمزور کرنا چاہتے ہیں۔پاکستان اور چین کا مشترکہ منصوبہ سی پیک کی صورت میں خطے کی ترقی و خوشحالی کے حوالے سے مثبت تعمیراتی پیش رفت جاری ہے۔سی پیک نے پاکستان کی اقتصادی ترقی اور لوگوں کی زندگیوں میں بہتری کو موثر طریقے سے فروغ دیا۔انہوں نے کہا کہ چینی اساتذہ کی وین پر خود کش حملہ پاک چین دوستی پر حملہ ہے تاہم پوری قوم دہشت گردی کے خلاف متحد ہے ۔انہوں نے کہا کہ سی پیک پاکستان کا مستقبل ہے اور چینی شہریوں کا تحفظ یقینی بنایا جائے گا۔
- Advertisement -