ایسا موقع بار بار نہیں ملتا! ایشیا کپ فائنل، پاک بھارت ٹاکرے پر شائقین کرکٹ کیلئے خصوصی پیشکش
دبئی (مسائل نیوز)دنیا بھر کے کرکٹ شائقین بے صبری سے اس لمحے کا انتظار کر رہے ہیں جب پاکستان اور بھارت پہلی بار ٹی ٹوئنٹی ایشیا کپ کے فائنل میں آمنے سامنے ہوں گے، یہ میچ ٹورنامنٹ کی تاریخ کا سب سے بڑا ٹاکرا قرار دیا جا رہا ہے جس نے شائقین میں زبردست جوش و خروش پیدا کر دیا ہے۔
فائنل کے ٹکٹس کی فروخت عروج پر ہے۔ ذرائع کے مطابق ہائی اسٹینڈ ٹکٹ 350 درہم جبکہ ہاسپیٹیلٹی پاسز 1500 درہم سے شروع ہو رہے ہیں۔
شائقین کے لیے ایک پروموشنل اسکیم بھی متعارف کروائی گئی ہے جس کے تحت دو پریمیئم ٹکٹ خریدنے پر تیسرا ٹکٹ بالکل مفت دیا جائے گا۔ اس سہولت کو مداحوں کی جانب سے بھرپور پذیرائی حاصل ہو رہی ہے۔
یہ جاری ایشیا کپ میں دونوں ٹیموں کا تیسرا ٹاکرا ہوگا،اس سے قبل دونوں میچوں میں بھارت نے کامیابی حاصل کی تھی۔
- Advertisement -
پہلا میچ بھارت نے آسانی سے جیتا جبکہ دوسرے میں پاکستان نے سخت مقابلہ کیا لیکن جیت کے قریب پہنچ کر بھی ناکام رہا۔
دونوں ممالک کے درمیان سیاسی کشیدگی بھی میدان میں جھلکتی رہی حتیٰ کہ بھارتی کھلاڑیوں نے پہلے میچ کے بعد پاکستانی کھلاڑیوں سے مصافحہ کرنے سے بھی انکار کر دیا تھا۔
پاکستان کے ہیڈ کوچ مائیک ہیسن نے کھلاڑیوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ کھیل پر مکمل توجہ مرکوز رکھیں اور بیرونی دباؤ سے متاثر نہ ہوں۔
وطن عزیز میں مداح بے پناہ جذبے اور امید کے ساتھ ٹیم کی حمایت کر رہے ہیں اور پر اعتماد ہیں کہ پاکستان اس بار تاریخ رقم کر کے ایشیا کپ کی ٹرافی اپنے نام کرے گا۔