کرک میں سیکورٹی فورسز کی کارروائی، 17 دہشت گرد ہلاک
پشاور(مسائل نیوز)کرک کے ضلع خیبر پختونخوا میں سیکورٹی فورسز نے بروقت اور فیصلہ کن کارروائی کرتے ہوئے خوارج سے تعلق رکھنے والے 17 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔
سرکاری خبر رساں ادارے کے مطابق یہ مشترکہ آپریشن دہشت گردوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنانے اور علاقے میں امن و امان کو برقرار رکھنے کے لیے کیا گیا۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اس کامیاب کارروائی پر سیکورٹی فورسز کے پیشہ ورانہ کردار اور بہادری کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔
انہوں نے کہا کہ یہ آپریشن نہ صرف دہشت گردوں کے عزائم کو ناکام بنانے میں کامیاب رہا بلکہ پاکستان کے امن و استحکام کو بھی محفوظ کیا۔
- Advertisement -
ان کے مطابق قوم ان جوانوں کی قربانیوں کو سلام پیش کرتی ہے جنہوں نے دہشت گردوں کو عبرتناک انجام تک پہنچایا۔
وزیر داخلہ نے کارروائی کے دوران زخمی ہونے والے تین سیکیورٹی اہلکاروں کی جلد صحتیابی کے لیے دعا بھی کی اور اس بات پر زور دیا کہ پوری قوم اپنی مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ خوارج کے فتنے سے تعلق رکھنے والے دہشت گردوں کو پاکستان میں کہیں پناہ نہیں ملے گی اور یہ عزم ہمیشہ قائم رہے گا۔
محسن نقوی نے مزید کہا کہ حکومت ملک بھر میں دیرپا امن قائم کرنے اور دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے اپنے سیکورٹی اداروں کو بھرپور تعاون فراہم کرتی رہے گی۔