کوئٹہ میں یوتھ سمیٹ 13 سے 15 اکتوبر تک بیوٹمز یونیورسٹی میں منعقد کیا جائے گا، مینا مجید بلوچ
کوئٹہ(مسائل نیوز) سمیٹ میں پاکستان بھر کے نوجوانوں کی بھرپور شرکت متوقع ہے، جبکہ بلوچستان کے نوجوانوں کو خصوصی ترجیح دی جائے گی تاکہ وہ اپنے ٹیلنٹ اور قیادت کی صلاحیتوں کو عملی طور پر پیش کر سکیں۔
مینا مجید بلوچ نے اپنے بیان میں کہا کہ بلوچستان کے نوجوانوں میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں، بس اسے پہچاننے اور دنیا کے سامنے پیش کرنے کی ضرورت ہے۔ اس یوتھ سمیٹ کا بنیادی مقصد صوبے کے نوجوانوں کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنا اور صوبائی و ملکی ترقی میں ان کے مثبت کردار کو سراہنا ہے۔
- Advertisement -
انہوں نے کہا کہ تین روزہ یہ سمیٹ نوجوانوں کے لیے سیکھنے اور آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کرے گا، جس میں مختلف سیمینارز، ورکشاپس، مکالمے اور پینل ڈسکشنز کا اہتمام کیا جائے گا۔ ان سرگرمیوں کے ذریعے نوجوان نہ صرف اپنے خیالات اور نظریات کا تبادلہ کریں گے بلکہ لیڈرشپ، ٹیم ورک، کمیونیکیشن اور فیصلہ سازی جیسی اہم مہارتیں بھی سیکھیں گے۔
صوبائی مشیر نے مزید کہا کہ بلوچستان کے نوجوان کسی بھی میدان میں ملک کے دیگر صوبوں کے نوجوانوں سے پیچھے نہیں ہیں۔ “ہم یہ دنیا کو دکھانا چاہتے ہیں کہ بلوچستان کے نوجوانوں میں قیادت کی بھرپور صلاحیتیں موجود ہیں۔ یہ سمیٹ اُن کے اعتماد میں اضافہ کرے گا اور اُنہیں ترقی کے نئے مواقع فراہم کرے گا،‘‘ انہوں نے کہا۔
یوتھ سمیٹ کے دوران نوجوانوں کو مقامی ثقافت، ہنر مندی اور اختراعی خیالات کو پیش کرنے کا موقع بھی دیا جائے گا، تاکہ وہ اپنی قابلیت کو قومی اور بین الاقوامی سطح پر منوا سکیں۔ مینا مجید بلوچ نے تمام نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ اس سمیٹ میں بھرپور شرکت کریں اور بلوچستان کے روشن مستقبل کی تعمیر میں اپنا کردار ادا کریں