MNN News
مسائل آپ کے اجاگر ہم کرینگے

وزیراعلیٰ مریم نواز کا فوری آغاز کا حکم! ایئر پنجاب منصوبہ کیا ہے؟

0 87

Get real time updates directly on you device, subscribe now.

لاہور(مسائل نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیرِ صدارت ہفتے کے روز منعقدہ اجلاس میں صوبے کے تاریخی منصوبے ایئر پنجاب کے فوری آغاز کے احکامات جاری کر دیے گئے۔ اجلاس میں مری گلاس ٹرین منصوبے پر بھی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔

ذرائع کے مطابق ایئر پنجاب منصوبہ حکومتِ پنجاب کا ایک جامع اور انقلابی اقدام ہے جس کا مقصد صوبے کی پہلی علاقائی ایئر لائن ایئر پنجاب پرائیویٹ لمیٹڈ کا قیام عمل میں لانا ہے۔

اس منصوبے کی منظوری سال 2025 میں وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے دی تھی۔ ایئر پنجاب کے ذریعے نہ صرف اندرونِ ملک فضائی رابطے بہتر بنائے جائیں گے بلکہ معیشت کو فروغ، روزگار کے نئے مواقع اور ہوابازی کے شعبے میں جدید ترقی کے دروازے بھی کھلیں گے۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ منصوبے کے آغاز کے لیے محکمہ خزانہ سے ایک ارب روپے کی رقم جاری کی جائے گی جبکہ ابتدائی طور پر چار ایئربس طیارے لیز پر حاصل کیے جائیں گے۔ حکومت کا ہدف ہے کہ اگلے آٹھ سے بارہ ماہ کے اندر ایئر لائن مکمل طور پر فعال ہو جائے۔

پہلے مرحلے میں ایئر پنجاب کی پروازیں لاہور اور اسلام آباد کے درمیان چلائی جائیں گی جبکہ ایک سال کے کامیاب آپریشن کے بعد بیرونِ ملک پروازوں کا آغاز بھی متوقع ہے۔

- Advertisement -

مریم نواز شریف نے اس منصوبے کو پنجاب کی ترقی، روزگار کے فروغ اور جدید سفری سہولتوں کی فراہمی میں سنگِ میل قرار دیا۔

اجلاس میں مری گلاس ٹرین منصوبے پر بھی غور کیا گیا جس کا مقصد راولپنڈی سے مری تک سیاحتی ریلوے سروس کا قیام ہے۔

یہ منصوبہ پچپن سے پینسٹھ کلومیٹر طویل ریلوے ٹریک پر محیط ہوگا جو خوبصورت مارگلہ کی پہاڑیوں کے درمیان سے گزرے گا۔ ٹرین کی کوچز شیشے کی دیواروں سے مزین ہوں گی تاکہ مسافر قدرتی مناظر سے لطف اندوز ہو سکیں۔

منصوبہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت مکمل کیا جائے گا۔ اگرچہ فزیبلٹی رپورٹ اپریل 2025 میں مکمل ہونی تھی، تاہم ابھی تک اس منصوبے کے آغاز کی حتمی تاریخ کا اعلان نہیں کیا گیا۔

ایئر پنجاب اور مری گلاس ٹرین منصوبے بلاشبہ پنجاب حکومت کی جدید وژن اور ترقیاتی منصوبہ بندی کی علامت ہیں جو نہ صرف معیشت کو فروغ دیں گے بلکہ سیاحت اور سفری سہولیات میں بھی نمایاں بہتری لائیں گے۔

Get real time updates directly on you device, subscribe now.

Leave A Reply

Your email address will not be published.