وزیراعظم نے 3 بار آنا چاہا لیکن خراب موسم کے باعث نہ آسکے
سکھر (مسائل نیوز) وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ اس مشکل وقت میں عوام کا ساتھ نہیں چھوڑیں گے۔مراد علی شاہ نے سکھر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وفاق نے وعدہ کیا ہے کہ سندھ کے لوگوں کو مشکل وقت میں نہیں چھوڑیں گے، سندھ کے لوگوں سے اپیل ہے کہ اپنی حیثیت کے مطابق متاثرین کی مدد کریں۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے 3 بار آنا چاہا لیکن خراب موسم کے باعث نہ آسکے، مخیر حضرات سے اپیل کرتا ہوں 2010 کی طرح اب بھی مدد کریں۔
وزیراعلی سندھ نے کہا کہ اس وقت کم سے کم 10 لاکھ ٹینٹس کی ضرورت ہے، 2ملین ایکڑ سے زائد زمینوں پر فصلیں متاثر ہوئیں، 90فیصد کاشت کاروں کی فصلیں متاثر ہوئیں۔مراد علی شاہ نے کہا کہ بارش سے 23 اضلاع شدید متاثر ہوئے ہیں، بارشوں اور سیلاب سے 300 اموات ہوئیں جبکہ ایک ہزار افراد زخمی ہوئے، 15 لاکھ گھر مکمل طور پر تباہ ہو چکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ متاثرین کی بحالی کیلئے تمام وسائل بروئے کار لا رہے ہیں، سکھر سے 6 لاکھ کیوسک کا ریلا گزر رہا ہے، پورا سندھ دریا کا منظر پیش کررہا ہے۔
- Advertisement -
وزیراعلی سندھ نے کہا کہ اگست میں600 فیصد سے زائد بارشیں ہوئیں، 30 کے قریب اموات ہوئیں، ایک کروڑ سے زائد لوگ گھروں سے باہر ہیں۔مراد علی شاہ نے کہا کہ پڈعیدن میں اس سال 1550ملی میٹر بارش ہوئی، ایسی سیلابی صورتحال پہلے کبھی نہیں دیکھی، رواں سال ریکارڈ بارشیں ہوئیں۔