لانگ مارچ کے لیے پی ٹی آئی کی این او سی دینے کی درخواست مسترد
اسلام آباد(مسائل نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے لانگ مارچ کے لیے پی ٹی آئی کی این او سی دینے کی درخواست مسترد کر دی گئی ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق ضلعی انتظامیہ نے وجوہات کے ساتھ جوابی خط پی ٹی آئی رہنما کو لکھا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ جی نائن اور ایچ نائن کے درمیان والی جگہ لانگ مارچ کے لیے موزوں نہیں ہے۔لانگ مارچ میں لوگوں کی تعداد زیادہ ہو سکتی ہے جو عوام کے مفاد میں نہیں۔
مارچ کے باعث راستے بند ہو جائیں گے، ائیرپورٹ کا راستہ بھی بند ہو گا۔ لوگوں کی تعداد زیادہ ہوسکتی ہے جو عوام کے مفاد میں نہیں ۔ اسلام آباد ہائیکورٹ کے حکم پر ایسی جگہ پر اجازت نہیں دی جاسکتی۔ضلعی انتظامیہ نے کہا کہ تمام وجوہات کے باعث درخواست مسترد کی جاتی ہے۔
- Advertisement -
۔خیال رہے کہ پی ٹی آئی کے لانگ مارچ کے باعث اس وقت سیاسی صورتحال شدت اختیار کر چکی ہے۔
مختلف شہروں سے پی ٹی آئی رہنما قافلوں کی شکل میں لانگ مارچ کے لیے اسلام آباد کی جانب رواں دواں ہیں۔ کارکنان کی جانب سے رکاوٹیں عبور کرکے آگے بڑھنے کا سلسلہ جاری ہے۔پولیس کی جانب سے کارکنان پر شیلنگ بھی کی گئی۔ دوسری جانب پولیس نے بتی چوک سے پاکستان تحریک انصاف کے متعدد کارکنان کو گرفتار کر لیا ہے۔جس کے بعد بتی چوک پر پہنچنے والے پی ٹی آئی کارکنان کی تعداد کم ہو گئی ہے۔
بتی چوک پر پولیس کی شیلنگ کے بعد علاقہ میدانِ جنگ کی شکل اختیار کر چکا۔پولیس کی جانب سے کارکنان کو منتشر کرنے کے لیے آںسو گیس اور شیلنگ کی گئی۔ یادگار چوک کے قریب بھی پولیس کی جانب سے کارکنان پر شیلنگ کی گئی۔یہ بھی خبریں سامنے آ رہی ہیں کہ پاکستان تحریک انصاف کے کارکنان رکاوٹیں ہٹا کر آگے بڑھ رہے ہیں۔شیلنگ کے باوجود پی ٹی آئی کارکنان آگے بڑھ رہے ہیں۔علاوہ ازیں پی ٹی آئی رہنما یاسمین راشد کا کہنا ہے کہ پولیس اہلکاروں نے ہم سے تلخ کلامی کی اور بدتمیزی کی۔ انہوں نے کہا کہ مارچ ہر صورت کامیاب ہو گا اور ہم اسلام آباد پہنچ کر رہیں گے۔