ہری پور میں لیگی امیدوار کی فتح نے جعلی تبدیلی کے تابوت میں آخری کیل ٹھونک دی ، عظمیٰ بخاری
لاہور(مسائل نیوز)وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے ضمنی الیکشن جیتنے والے لیگی امیدواروں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایک مرتبہ پھر عوام نے نواز شریف کی قیادت پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہا کہ ہری پور میں لیگی امیدوار بابر نواز کی فتح نے جعلی تبدیلی کے تابوت میں آخری کیل ٹھونک دی ہے ،چور چور کی گردان کرنے والوں کا مقدر اب دھاندلی دھاندلی کا ورد رہ گیا۔
- Advertisement -
عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ پنجاب میں تمام حلقوں سے لیگی امیدواروں کی بڑی لیڈ نے ثابت کیا کہ لوگ مریم نواز کی کارکردگی سے مطمئن ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ ووٹ ملا ہے مفت ادویات، گھروں میں انسولین پہنچنے، ہیلتھ کلینک،فیلڈ ہسپتال، بی ایچ یو کی حالت بہتر کرنے پر، فری ٹریکٹر،فری سپر سیڈر،ٹیوب ویل سولرائزیشن اور کسان کارڈ کے لیے۔
انہوں نے کہا کہ یہ ووٹ ملا ہے اپنی چھت اپنا گھر پروگرام میں 1 لاکھ 20 ہزار گھروں ، نواز شریف کینسر اسپتال ،نوازشریف کاڈیالوجی اسپتال کو ،اسکالرشپ ، الیکٹرک بائیکس، الیکٹرک بسوں ، مریم نواز کے وژن اور کارکردگی کو ، یہ مریم نواز کی ڈیڑھ سالہ کارکردگی کے اثرات ہیں۔