آج میں جس مقام پر ہوں، وہ ایڈ بلوچستان کی مسلسل جدوجہد اور کوششوں کا نتیجہ ہے
کوئٹہ (مسائل نیوز)ایڈ بلوچستان کے زیراہتمام ایک اہم اجلاس میں “یوتھ پبلک اکاؤنٹیبلٹی فورم” (YPAF) کے قیام کا باضابطہ اعلان کیا گیا۔ فورم کے قیام کا مقصد نوجوانوں کو صوبے میں شفافیت، احتساب اور بہتر طرزِ حکمرانی کے فروغ کے عمل میں شامل کرنا ہے۔
پروگرام کی صدارت سینئر منیجر ایڈووکیسی و پروٹیکشن میر بہرام لہڑی نے کی، جنہوں نے اجلاس میں شرکاء کا تعارف، میٹنگ کے مقاصد اور فورم کی تشکیل کے مراحل مکمل کیے۔ میر بہرام لہڑی نے ایڈ بلوچستان کی گزشتہ دس سالہ “رائٹ ٹو انفارمیشن ایکٹ” (RTI) کے حوالے سے کی جانے والی کاوشوں اور کامیابیوں پر ایک جامع پریزنٹیشن بھی پیش کی۔
انہوں نے کہا کہ “یہ لمحہ میرے لیے ایک خواب کی تعبیر ہے۔ میں ہمیشہ نوجوانوں کے ساتھ مل کر کام کرنے کا خواہاں رہا ہوں اور ایڈ بلوچستان نے مجھے یہ موقع فراہم کیا کہ میں ایک ایسے گروہ کی تشکیل کروں جو شفافیت اور احتساب کے فروغ میں عملی کردار ادا کرے۔ آج ہمارے پاس ایک پُرجوش اور باصلاحیت نوجوان ٹیم موجود ہے جو اس مشن کو آگے بڑھانے کے لیے تیار ہے۔”
اجلاس کے مہمانِ خصوصی انفارمیشن کمیشنر بلوچستان عبدالشکور تھے۔ انہوں نے اپنے خطاب میں ایڈ بلوچستان کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ “آج میں جس مقام پر ہوں، وہ ایڈ بلوچستان کی مسلسل جدوجہد اور کوششوں کا نتیجہ ہے۔ ادارے نے صوبے میں رائٹ ٹو انفارمیشن ایکٹ کے نفاذ کے لیے جو کردار ادا کیا، وہ قابلِ ستائش ہے۔ اب نوجوانوں کو اس عمل کا حصہ بنانا ایک خوش آئند قدم ہے کیونکہ نوجوان ہی مستقبل کے معمار ہیں۔”

- Advertisement -
اس موقع پر ایڈ بلوچستان کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر عادل جہانگیر نے ادارے کی سماجی خدمات، کمزور طبقات کی فلاح و بہبود اور گورننس میں شفافیت کے فروغ کے حوالے سے ادارے کے کردار پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو اس مشن میں شامل کرنا ایڈ بلوچستان کی ترجیحات میں شامل ہے تاکہ احتساب کے عمل کو مضبوط بنیادوں پر استوار کیا جا سکے۔
اجلاس سے سینئر صحافی اور پبلک اکاؤنٹیبلٹی فورم کے رکن میر بہرام بلوچ نے بھی خطاب کیا۔ انہوں نے پبلک اکاؤنٹیبلٹی فورم کے سابق اراکین کی جدوجہد اور ایڈ بلوچستان کے کردار کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
میٹنگ میں نوجوانوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور ایڈ بلوچستان کے ساتھ رضاکارانہ طور پر خدمات انجام دینے کا عزم کیا۔ منتخب اراکین کو “یوتھ پبلک اکاؤنٹیبلٹی فورم” کا حصہ بنایا گیا، جنہوں نے ایک مشترکہ لائحہ عمل کے تحت احتساب اور شفافیت کے فروغ کے لیے کام کرنے کا عہد کیا۔
اجلاس کے اختتامی خیالات رخسانہ عبدالحق نے پیش کیے۔ انہوں نے تمام نوجوانوں اور شرکاء کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ “یہ صرف آغاز ہے، ہمیں یقین ہے کہ نوجوان اپنی صلاحیتوں، جذبے اور عزم کے ساتھ اس منصوبے کے مقاصد کو کامیابی سے حاصل کریں گے۔”
ایڈ بلوچستان اور پبلک اکاؤنٹیبلٹی فورم کے مطابق یہ منصوبہ آئندہ دس ماہ تک مختلف تربیتی سیشنز، آگاہی پروگرامز، مشاورتی اجلاسوں اور کمیونٹی سطح کی سرگرمیوں کے ذریعے نوجوانوں کو احتساب کے عمل میں فعال کردار ادا کرنے کے قابل بنائے گا۔
ایڈ بلوچستان کا مشن ایک شفاف، جواب دہ، پُرامن اور خوشحال بلوچستان ہے، جہاں شہریوں کو معلومات تک رسائی ان کا بنیادی حق تسلیم کیا جائے۔