اسلام آباد(مسائل نیوز) وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ غلطی ٹھیک ہوگئی‘ اب غلطی کے ذہنی علاج کی ضرورت ہے ۔ تفصیلات کے مطابق لاہور میں پاکستان تحریک انصاف کے جلسے پر ردعمل دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ خاص حالت میں خطاب کرنے والے کو علاج کی ضرورت ہے، کوئی اسے ہسپتال لے جائے سرکاری خرچ پر علاج کرانے کو تیار ہیں ، جب یہ حلقوں میں الیکشن کے لیے جائیں گے تو لوگ جوتے ماریں گے۔
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کردہ اپنے ایک بیان میں رانا ثناء اللہ نے کہا کہ معیشت تباہ کرکے میر جعفرنیازی نے پاکستان کے خلاف سازش کی تھی، غلطی ٹھیک ہوگئی اب غلطی کے ذہنی علاج کی ضرورت ہے ، حکومت بدلتے ہی امپورٹڈ وزیر اینڈ مشیر واپس ایکسپورٹ ہونا شروع ہوگئے ہیں۔
- Advertisement -
واضح رہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان نے لاہور میں پی ٹی آئی کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ جن سے بھی غلطی ہوئی ہے، ٹھیک کرنے کا ایک ہی طریقہ ہے، فوری الیکشن کروائیں ، جلد اسلام آباد کی کال دوں گا، کارکنان تیار رہیں ، میرا جینا مرنا پاکستان میں ہے، یہ میرا ملک ہے، یہ میرے لوگ ہیں، میں کیوں امریکہ کے لیے اپنے لوگوں کو قربان کروں، امریکہ کو میرا انکار پسند نہ آیا، ان کو بوٹ پالش کرنے والے لوگ چاہئیں۔
انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کو ن لیگ میں عہدہ دے دینا چاہیے ، الیکشن کمیشن نے چیف الیکشن کمیشن نے سارے فیصلے ہمارے خلاف دیے ہیں، المیہ یہ ہے کہ جن لوگوں کو جیل میں ہونا چاہیے وہ وزیر بن گئے ہیں ، امریکہ کو میرا انکار پسند نہ آیا، ان کو بوٹ پالش کرنے والے لوگ چاہئیں، ان کو ایسے لوگ چاہئیں جو کہیں کہ ہم تو بھکاری ہیں، ہماری کیا چوائس ہونی ہے؟ ہم تو غلامی ہی کریں گے۔
چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ میرا جینا مرنا پاکستان میں ہے، یہ میرا ملک ہے، یہ میرے لوگ ہیں، میں کیوں امریکہ کے لیے اپنے لوگوں کو قربان کروں، میں نے امریکہ کو اڈے دینے کے سوال پر ایبسلیوٹلی ناٹ کہا، کیا آپ اس کے علاوہ مجھ سے کسی جواب کی توقع کرتے تھے؟لاہور والو! مجھے پتا تھا کہ آپ مجھے مایوس نہیں کریں گے۔