کوئٹہ/گوادر(ویب ڈیسک)وزیر اعلیٰ بلو چستان میر عبد القدوس بزنجو نے کہا ہے کہ ریکوڈک کا تاریخی معاہدہ کرنے جارہے ہیں معاہدے میں صوبے کو پانچ فیصد رائلٹی، ساڑھے چھ فیصد سی ایس آر اور ابتدائی تین سالوں میں ریکوڈ ک کے علاقے کی بہتری کے لئے کمپنی 30سے 40ارب روپے خرچ کریگی،
- Advertisement -
گوادر کی بجلی اور پانی کا مسئلہ آئندہ چھ ماہ میں حل کیا جائےگا گوادر میں سرحدی کراسنگ پوائنٹس میں اضافہ کیا جائےگا، صوبے کے تاجروں کو ایل پی جی گیس درآمد کرنے کے لائسنس جاری کئے جائیں گے ، سی پیک اور وفا تی سطح پر تر قیا تی منصوبے کی رفتار کو تیز کیا جائے گا، گوادر شہر میں بجلی کے لئے سولر پینل کی تعداد کو مزید بڑھا یا جائے گا۔
یہ بات انہوں نے جمعہ کو صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی زیر صدارت اجلاس کے بعد گوادر میں میڈ یاسے بات چیت کر تے ہوئے کہی۔اس موقع پر گو رنر بلو چستان سید ظہوراحمد آغا ،ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری ، رکن قومی اسمبلی محمد اسلم بھو تانی،رکن صوبائی اسمبلی حمل کلمتی ، چیف سیکر ٹری بلو چستان مطہر نیاز رانا بھی موجود تھے ۔