تحریک انصاف نے الیکشن کمیشن کے فیصلے کو مسترد کر دیا
اسلام آباد (مسائل نیوز) تحریک انصاف نے عمران خان کے خلاف الیکشن کمیشن کے فیصلے کو مسترد کر دیا ہے۔ رہنما پی ٹی آئی فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن کا نشانہ صرف عمران خان ہیں،کیا یہ 22 کروڑ لوگوں کو نا اہل کر دیں گے؟الیکشن کمیشن سے کبھی بھلے کی امید نہیں تھی۔ فواد چوہدری نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ یہ پاکستان کے آئین اور اداروں پر حملہ ہے،عمران خان ایک ہفتہ قبل دو تہائی اکثریت سے جیت کر آ رہے ہیں۔
الیکشن کمیشن کے ممبر اپنے عہدوں پر برقرار رہنے کے اہل نہیں،الیکشن کمیشن کا رویہ شرمناک ہے۔انہوں نے وہی کیا کہ جس کی امید تھی۔یہ قانون پر حملہ ہے،صرف عمران خان نشانہ ہیں۔ رہنما پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ تم ہوتے کون ہو یہ فیصلہ کرنے والت،یہ قوم کے منہ پر طمانچہ ہے۔
عوام سے اپیل کرتا ہوں کہ اپنے حق کیلئے باہر نکلیں،تحریک انصاف فیصلہ مسترد کرتی ہے۔
- Advertisement -
ان ایوانوں کو الٹا کر ہی آئین کو بچایا جا سکتا ہے۔ یاد رہے کہ الیکشن کمیشن نے توشہ خانہ ریفرنس میں سابق وزیراعظم عمران خان کو نااہل قرار دے دیا۔ الیکشن کمیشن نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کیخلاف توشہ خانہ کیس کا فیصلہ سنادیا۔الیکشن کمیشن نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو 63 ون کے تحت نااہل قراردیا۔الیکشن کمیشن کے مطابق عمران خان کی نااہلی 5 رکنی کمیشن کا متفقہ فیصلہ ہے۔
الیکشن کمیشن کے فیصکے کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے غلط گوشوارے جمع کروائے۔چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان رکن قومی اسمبلی نہیں رہے۔الیکشن کمیشن کی جانب سے عمران خان کی قومی اسمبلی کی سیٹ خالی قرار دیا گیا،الیکشن کمیشن نے عمران خان کے خلاف فوجداری مقدمہ درج کرنے کا حکم دے دیا۔ الیکشن کمیشن نے 19 ستمبر کو دلائل مکمل ہونے کے بعد عمران خان کیخلاف توشہ خانہ کیس کا فیصلہ محفوظ کیا تھا۔ عمران خان متعدد بار جلسوں اور پارٹی تقاریب میں خطاب کرتے ہوئے یہ بات دہرا چکے ہیں کہ پی ڈی ایم اور موجودہ حکومت انہیں توشہ خانہ کیس میں الیکشن کمیشن کے ذریعے تاحیات نااہل کروانا چاہتی ہے۔