MNN News
مسائل آپ کے اجاگر ہم کرینگے

پاکستان کی آئی ٹی برآمدات میں تاریخی اضافہ! چار ماہ میں ایک ارب 40 کروڑ کی آمدنی

0 119

Get real time updates directly on you device, subscribe now.

اسلام آباد(مسائل نیوز)پاکستان کے انفارمیشن ٹیکنالوجی شعبے نے اکتوبر 2025 میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا جب ماہانہ آئی ٹی برآمدات 386 ملین ڈالر تک پہنچ گئیں جوکہ اب تک کی بلند ترین سطح ہے۔ یہ گزشتہ سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 17 فیصد اور ستمبر 2025 کے مقابلے میں 5 فیصد اضافہ ظاہر کرتی ہیں۔ جون 2025 کے بعد سے یہ مسلسل پانچواں مہینہ ہے جس میں آئی ٹی برآمدات میں سالانہ اضافہ دیکھا گیا۔

اکتوبر کی شاندار کارکردگی کی بدولت مالی سال 26 کے پہلے چار ماہ میں آئی ٹی برآمدات مجموعی طور پر 1.4 ارب ڈالر تک پہنچ گئی ہیں جو پچھلے سال کے مقابلے میں 20 فیصد زیادہ ہے۔ اکتوبر میں یومیہ اوسط آمدنی 16.78 ملین ڈالر رہی جو ستمبر میں 16.64 ملین ڈالر سے تھوڑی زیادہ ہے۔

ماہرین کے مطابق اکتوبر میں آئی ٹی برآمدات میں اضافے کی اہم وجوہات میں مقامی کمپنیوں کے کلائنٹ پورٹ فولیوز میں توسیع، خاص طور پر خلیجی ممالک میں اور اسٹیٹ بینک پاکستان کی سہولت کاری اقدامات شامل ہیں۔ ان اقدامات میں برآمد کنندگان کے لیے خصوصی غیر ملکی کرنسی اکاؤنٹس میں ریٹینشن حد 50 فیصد تک بڑھانا اور ان اکاؤنٹس کے ذریعے بیرون ملک سرمایہ کاری کی اجازت دینا شامل ہے۔ زرِ مبادلہ کی شرح میں نسبتاً استحکام نے بھی کمپنیوں کو اپنی آمدنی کا زیادہ حصہ پاکستان بھجوانے کی ترغیب دی۔

- Advertisement -

پاکستان سافٹ ویئر ہاؤسز ایسوسی ایشن کے سروے کے مطابق 62 فیصد آئی ٹی کمپنیاں اس وقت خصوصی غیر ملکی کرنسی اکاؤنٹس استعمال کر رہی ہیں اور نئے قواعد سے فائدہ اٹھا رہی ہیں۔

خالص آئی ٹی برآمدات یعنی درآمدات منہا کرنے کے بعد کی رقم اکتوبر 2025 میں 335 ملین ڈالر رہی جو سالانہ بنیاد پر 12 فیصد اور ماہانہ بنیاد پر 2 فیصد اضافہ ظاہر کرتی ہیں۔ یہ بھی گزشتہ 12 ماہ کی اوسط 292 ملین ڈالر سے زیادہ ہے۔

حکومت نے مالی سال 26 کے لیے آئی ٹی برآمدات کا ہدف 5 ارب ڈالر رکھا ہے لیکن موجودہ رجحانات کے مطابق یہ 4.5 ارب ڈالر تک پہنچ سکتی ہیں جو پچھلے سال 3.8 ارب ڈالر تھی۔ قومی معاشی منصوبہ اُڑان پاکستان کے تحت حکام نے مالی سال 29 تک آئی ٹی برآمدات کو 10 ارب ڈالر تک پہنچانے کا ہدف بھی مقرر کیا ہے جس کے لیے اگلے چار برسوں میں اوسط سالانہ شرح نمو 27 فیصد ہونی چاہیے۔

Get real time updates directly on you device, subscribe now.

Leave A Reply

Your email address will not be published.