بلاول بھٹو کے غیر ملکی دوروں پر 2 ارب روپے خرچ ہو چکے ہیں
لاہور(مسائل نیوز)ترجمان پنجاب حکومت مسرت جمشید چیمہ نے دعویٰ کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیر خارجہ بلاول بھٹو کے غیر ملکی دوروں پر 2 ارب خرچ ہوچکے ہیں جبکہ سفارت خانوں کے پاس تنخواہوں کے پیسے نہیں۔آج شام عمران خان کی کال پر لبرٹی چوک لاہور میں جلسہ ہو گا،چیئرمین پی ٹی آئی 8 بجے جلسے سے خطا ب کریں گے۔ مسرت جمشید چیمہ نے اپنے بیان میں کہا کہ عمران خان خطاب میں ملکی سیاسی مستقبل سے متعلق اعلان کریں گے،عمران خان کے خطاب کو مختلف شہروں میں بڑی اسکرین پر بھی دکھایا جائے گا۔
جب عمران خان کو ہٹایا گیا اس وقت خزانے میں 22 ارب ڈالر تھے۔پنجاب،خیبر پختونخوا،کشمیر اور گلگت بلتستان کی رقوم وفاق نے ضبط کر لیں۔ انکا کہنا تھا کہ عدالت کے پوچھنے پر جواب میں یہی کہتے رہے کہ پتہ نہیں،پیسے کہاں سے آرہے تھے۔
شریف خاندان کے اکاؤنٹس میں کروڑوں روپوں کی ٹی ٹیز آتی رہیں۔پاکستان کی معاشی حالت بگڑتی جا رہی ہے،سیاسی استحکام کے بغیر کوئی بہتری ممکن نہیں۔
- Advertisement -
قبل ازیں وائس چیئرمین تحریک انصاف شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بلاول بھٹو نے 7 ماہ میں غیر ملکی دوروں پر ایک ارب روپے سے زائد خرچ کر ڈالے،وہ پہلے غیر ملکی دوروں کا حساب دیں۔لگتا ہے ڈالر کا ڈار سے ڈر اتر گیا،حکومت مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے اور ملک بحرانی کیفیت میں آ چکا ہے،حکومت گومگو صورتحال میں ہے جس سے ملک کا نقصان ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم نے کہا تھا کہ 3 ماہ میں معیشت کو سدھار لیں گے،اس حکومت پر کوئی اعتبار نہیں کر رہا اس لئے انکو سستا کون تیل دے گا۔
معیشت کی حالت یہ ہے کہ ایل سیز نہیں کھل رہیں جبکہ ٹیکسائل انڈسٹری بحران کاشکار ہے،ہم نہیں چاہتے کہ ملک ڈیفالٹ کرے،ہم سمجھتے ہیں ملکی مسائل کا واحد حل الیکشن ہیں۔ سابق وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ جے آئی ٹی عمران خان پر حملے کے ذمہ داروں کو تعین کرے،عمران خان کی مقبولیت میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔ چیئرمین پی ٹی آئی کل لبرٹی چوک میں آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔