سردی سے قبل سیلاب متاثرین کی آبادکاری اور بحالی کا عمل مکمل کیا جائے، جہانزیب جمالدینی
کوئٹہ (مسائل نیوز) بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی سیکرٹری جنرل سابق سینیٹر ڈاکٹر جہانزیب جمالدینی نے وزیراعظم کے دورہ بلوچستان کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ وزیر اعظم نے نصیر آباد ڈویژن کا متعدد بار دورہ کر کے سیلاب متاثرین کی مشکلات کو دور کرنے کیلئے جو اقدامات اٹھائے ہیں وہ قابل تحسین ہیں میری درخواست پر نوشکی اور خضدار کیلئے ڈھائی ہزار این ڈی ایم اے سے آنے والے ٹینٹ تاحال نہیں پہنچے اگر متاثرین کی مشکلات کو دور کرنے کیلئے انہیں سامان کی فراہمی بروقت ممکن بنا ئی جائے تو ان کے مسائل حل ہوسکتے ہیں اب متاثرین کی بحالی اور آباد کاری کیلئے وسائل بروئے کار لانے ہونگے۔ ڈاکٹر جہانزیب جمالدینی کا کہنا تھا کہ پاکستان مسلم لیگ(ن) کے مرکزی صدر وزیراعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف اتحادی ہونے کی وجہ سے بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ رکن قومی اسمبلی سابق وزیراعلیٰ بلوچستان سردار اختر جان مینگل کے چچا کی وفات پر وڈھ میں فاتحہ خوانی کیلئے آئے تھے جس پر ہم ان کے مشکور ہیں اور انہوں نے بلوچستان کے سیلا ب سے متاثرہ علاقوں کے متعدد دورے کئے ہیں آج نصیر آباد کے دورے کے دوران پارٹی کے سربراہ سردار اختر جان بھی ان کے ہمراہ تھے نصیر آباد ڈویژن سے پاکستان کے وزیراعظم اور دو تین بلوچستان کے وزیر اعلیٰ بھی گزرے ہیں لیکن ان علاقوں میں بسنے والے لوگوں کی حالت زار تبدیل نہیں ہوسکی آج بھی علاقے کے لاکھوں لوگ سیلاب اور سیلابی پانی کی وجہ سے مشکلات سے دو چار ہیں اور ان کی تکالیف کے ازالے کیلئے حکومت اور ارباب اختیار کو ملکر اقدامات اٹھانے چاہیے تاکہ بلوچستان میں سردی سے قبل سیلاب متاثرین کو سر چھپانے کیلئے جگہ اور ان کی آباد کاری کے لئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں بلوچستان کو سیلاب نے بہت متاثر کیا ہے لاکھوں ایکڑ پر کھڑی پھل دار فصلیں ،باغات،انفراسٹرکچرلاکھوں کی تعداد میں مال مویشی ،روڈ انفراسٹرکچر ،پل،رابطہ سڑکیں ،ہسپتالوں ،اسکولوں کی عمارتیں اور ہزاروں کی تعداد میں لوگوں کے گھر ملیامیٹ ہوچکے ہیں ان کی دوبارہ آباد کاری کیلئے وسائل در کار ہیں اس کیلئے حکومت فوری طور پر اقدامات اٹھائے۔
- Advertisement -