اسلام آباد(مسائل نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے عوام کو مہنگائی سے نجات دلانے کیلئے سیاسی استحکام کو بنیادی شرط قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان سے وفاداری اور دوستی کا تقاضا ہے ملک میں معاشی استحکام ہو۔عوام کا اعتماد توڑنے والے اب اسمبلیاں توڑ رہے ہیں۔کسی کی کوشش ہے کہ ملک ڈیفالٹ کر جائے،ایسا نہ ہو گا اور نہ کرنے دیں گے۔
شہباز شریف نے اپنے بیان میں کہا کہ معاشی بارودی سرنگیں بچھانے والے اب سیاسی نظام کی بنیاد میں سرنگیں بچھانے کی سازش کررہے ہیں۔عوام کو روٹی اور روزگار کی پریشانیوں سے نجات دلائیں گے۔سیاسی شرپسند انتشار پھیلا کر دنیا کو بتانا چاہتے ہیں کہ پاکستان میں سرمایہ کاری نہ کریں،سیلاب متاثرین کو سردی،بھوک اور بیماری سے بچانے میں سیاسی شریروں کا کوئی حصہ نہیں۔
وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ نوجوانوں کو روزگار دلانے کیلئے سیاسی بے روزگاروں سے نجات لازم ہے،جب ملک معاشی ترقی کی طرف چلنا شروع ہوتا ہے تو فسادی لشکر کیوں متحرک ہوجاتا ہے؟ کوئی شک نہیں،ایجنڈے کے تحت معاشی تباہی کی گئی اور سیاسی عدم استحکام اسی کا تسلسل ہے۔ شہباز شریف نے مزید کہا کہ عوام کا اعتماد توڑنے والے اب اسمبلیاں توڑ رہے ہیں،عوام کی حالت پر رحم کریں۔
مہنگائی کے عذاب سے انہیں نجات دلانا سیاست ہے،سیاسی استحکام اور میثاق معیشت ہی پاکستان کی قومی سلامتی کو مضبوط کر سکتے ہیں۔ واضح رہے کہ اس سے پہلے وزیر اعظم شہباز شریف نے عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنے کی خصوصی ہدایت کی۔شہباز شریف کی زیر صدارت مسلم لیگ ن کا مشاورتی اجلاس ہوا جس میں وزیر خزانہ اسحاق ڈا،احسن اقبال،رانا ثناء اللہ،رانا تنویر اور وزیر دفاع خواجہ آصف سمیت دیگر پارٹی رہنماؤں نے شرکت کی۔ اجلاس میں ملکی سیاسی صورتحال کا جائزہ لیا گیا جبکہ مسلم لیگ ن کی آئندہ کی حکمت علی پر بھی مشاورت کی گئی۔اس موقع پر عوامی رابطہ مہم،آئندہ عام انتخابات کی تیاریوں اور بلدیاتی انتخابات کی تیاریوں سے متعلق امور پر بھی زیر غور آئے۔
Get real time updates directly on you device, subscribe now.