سکردو (ویب ڈیسک)وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ملک کے پسماندہ ،نظر انداز کئے گئے علاقوں کی ترقی حکومت کی ترجیح ہے،اللہ نے اس ملک کو جو جو نعمتیں دیں ان سے اب تک فائدہ نہیں اٹھایاجاسکا،کسی بھی معاشرے میں خوشحالی کا اندازہ امیرلوگوں کی زندگی دیکھ کرنہیں غریبوں کے رہن سہن کو سامنے رکھ کر لگایا جاتاہے، غریب طبقے کی مشکلات کو مد نظر 50ہزار سے کم آمدن کے حامل افراد کو 30فیصد رعایت دینے کےلئے احساس راشن کارڈ کامنصوبہ لے کر آئے ہیں،سکردو انٹرنیشنل ایئرپورٹ اوربہتر سڑکوں کی تعمیر سے مقامی ،
- Advertisement -
بین الاقوامی سیاحوں کوسہولت، گلگت بلتستان میں سیاحت کو مزید فروغ ملے گا، علاقے میں اقتصادی خوشحالی آئےگی،سیاحت سے گلگت بلتستان سے سالانہ 30سے 40ارب ڈالرحاصل کئے جاسکتے ہیں ،مقامی لوگوں کو روزگار کے وسیع مواقع بھی میسرآئیں گے۔ جمعرات کو سکردو انٹرنیشنل ایئرپورٹ اور سٹرٹیجک جگلوٹ سکردو روڈ کے افتتاح کے موقع پر عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ کوئی بھی ملک اس وقت تک ترقی نہیں کرسکتا جب تک پیچھے رہ جانے والے علاقوں کو اوپر نہیں اٹھایا جاتا۔
انہوں نے کہا کہ جب اقتدارسنبھالا تو اس وقت ہماری کوشش تھی کہ گلگت بلتستان، بلوچستان ، سابق فاٹا، اندرون سندھ اور جنوبی پنجاب سمیت دور درازاور پسماندہ علاقوں کو دیگر ترقی یافتہ علاقوں کے برابر لائیں، یہاں پر غربت کی نچلی لکیر سے لوگوں کو نکالیں کیونکہ جس معاشرے میں غریب غریب تر اور امیر امیر تر ہو یہ معاشی ناانصافی ہے۔ انہوں نے کہاکہ کسی معاشرے میں خوشحالی کا اندازہ وہاں کے امیرلوگوں کی زندگی دیکھ کرنہیں بلکہ غریبوں کے رہن سہن کو سامنے رکھ کر لگایا جاتاہے۔ وزیراعظم نے کہاکہ ملک سے غربت کی کمی کے لئے پوری طرح کوشاں ہیں۔