عمران خان سے ملاقات کے بعد کابینہ بناؤں گا، وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی
پشاور(مسائل نیوز) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے دوٹوک اعلان کیا ہے کہ وہ صوبائی کابینہ کی تشکیل بانی چیئرمین عمران خان سے ملاقات اور مشاورت کے بعد ہی کریں گے۔ پشاور ہائی کورٹ کے احاطے میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے اس بات پر شدید تحفظات کا اظہار کیا کہ ایک صوبے کا چیف ایگزیکٹو ہونے کے باوجود انہیں اپنے پارٹی قائد سے ملنے کی اجازت نہیں دی جا رہی۔
صحافیوں کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی نے واضح کیا، “میری بانی چیئرمین سے آج تک کوئی ملاقات نہیں ہوئی۔ کابینہ کی تشکیل بانی سے ملاقات کے بعد ہی کی جائے گی۔” انہوں نے حکام کو مخاطب کرتے ہوئے کہا، “ان کو سوچنا چاہیے کہ ایک صوبے کا وزیر اعلیٰ ملنا چاہتا ہے، لیکن مجھے بانی چیئرمین سے ملنے کی اجازت نہیں دی جا رہی۔”
- Advertisement -
وزیر اعلیٰ کے اس بیان نے صوبائی حکومت کی تشکیل کے معاملے کو براہ راست بانی چیئرمین کی اڈیالہ جیل میں قید اور ان سے ملاقات پر عائد پابندیوں سے جوڑ دیا ہے۔ اس سے یہ واضح ہوتا ہے کہ خیبر پختونخوا کی کابینہ کے لیے تمام اہم فیصلے عمران خان کی منظوری سے ہی کیے جائیں گے۔
سہیل آفریدی کے اس اعلان کے بعد خیبر پختونخوا میں کابینہ کی تشکیل کا معاملہ غیر معینہ مدت کے لیے التوا کا شکار ہو گیا ہے اور اس کا انحصار اب اس بات پر ہے کہ حکام وزیر اعلیٰ کو ان کے پارٹی قائد سے کب ملاقات کی اجازت دیتے ہیں۔