پاکستان میں سونا مزید مہنگا! آج جمعرات 16 اکتوبر کی فی تولہ قیمتیں
کراچی (مسائل نیوز)پاکستانی مارکیٹ میں سونے کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ جاری ہے جو عالمی منڈی میں زرد دھات کی تاریخی قیمتوں کے ساتھ مطابقت رکھتا ہے۔
آل پاکستان صرافہ اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق بدھ کے روز 24 قیراط سونے کی فی تولہ قیمت میں 5800 روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس کے بعد قیمت 4 لاکھ 40 ہزار 900 روپے فی تولہ تک پہنچ گئی، یہ قیمتیں آج سہ پہر تک برقرار رہیں گی۔
ملک میں 24 قیراط سونے کے 10 گرام کی قیمت میں 4972 روپے کا اضافہ ہوا اور یہ 3 لاکھ 78 ہزار روپے فی 10 گرام ہو گئی جبکہ 22 قیراط سونے کے 10 گرام کی قیمت 4558 روپے اضافے کے بعد 3 لاکھ 46 ہزار 512 روپے تک جا پہنچی۔
- Advertisement -
عالمی منڈی میں بھی سونا تاریخی بلندی پر پہنچ گیا، جہاں فی اونس قیمت 58 ڈالر اضافے کے ساتھ 4198 ڈالر تک جا پہنچی۔
دوسری جانب چاندی کی قیمتوں میں بھی نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا۔ پاکستان میں 24 قیراط چاندی کی فی تولہ قیمت 90 روپے اضافے کے بعد 5337 روپے ہو گئی جبکہ 10 گرام چاندی کی قیمت 77 روپے بڑھ کر 4575 روپے تک پہنچ گئی۔
بین الاقوامی منڈی میں چاندی کی فی اونس قیمت 0.90 ڈالر اضافے کے بعد 52.50 ڈالر ریکارڈ کی گئی جو حالیہ برسوں کی بلند ترین سطح قرار دی جا رہی ہے۔
تجزیہ کاروں کے مطابق یہ اضافہ عالمی معاشی بے یقینی اور سرمایہ کاروں کی محفوظ سرمایہ کاری کی جانب رجحان کے باعث ہوا ہے۔