پاکستان کے ڈیفالٹ ہونے کا کوئی امکان نہیں،وزیر خزانہ اسحاق ڈار
نیو یارک (مسائل نیوز) وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے پاکستان کے قرض کے حوالے سے کسی بھی قسم کے ڈیفالٹ کا امکان نہیں ہے، پاکستان 27 ارب ڈالر کے دو طرفہ قرضوں کی ری شیڈولنگ چاہتا ہے، آئی ایم ایف سے حالیہ پروگرام پر دوبارہ مذاکرات کریں گے۔ واشنگٹن میں بین الاقوامی خبر رساں ادارے رائٹرز کو انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ پاکستان تقریباً 27 ارب ڈالر مالیت کے غیر پیرس کلب قرضوں کی ری شیڈولنگ کی کوشش کریں گے جن میں زیادہ تر قرضے چین سے لیے گئے ہیں، جس میں کمی نہیں بلکہ صرف ری شیڈولنگ چاہتے ہیں، آئی ایم ایف کے حالیہ پروگرام پر دوبارہ مذاکرات کریں گے جس کی قسط دسمبر میں ادا کرنی ہے، پاکستان کے قرض کے حوالے سے کسی بھی قسم کے ڈیفالٹ کا امکان نہیں۔
وزیر خزانہ نے کہا کہ کثیر الجہتی ترقیاتی بینک اور بین الاقوامی عطیہ دہندگان تباہ کن سیلاب کے بعد پاکستان کی بیرونی سرمایہ کاری کی 32 بلین ڈالر ضروریات کو پورا کرنے کے لیے کافی لچک کا مظاہرہ کر رہے ہیں، اس میں سے کچھ پہلے سے منظور شدہ، سست روی سے تقسیم کیے جانے والے ترقیاتی قرضوں سے فنڈز کی دوبارہ تقسیم سے حاصل ہو سکتے ہیں، سیلاب سے ملک میں بڑے پیمانے پرفصلیں متاثر ہوئی ہیں اور آئندہ سال گندم درآمد کرنے کی ضرورت پڑ سکتی ہے۔
دوسری جانب عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) نے حکومت کو سبسڈی دینے کی بجائے وسائل کے استعمال کا مشورہ دے دیا، آئی ایم ایف کے ڈائریکٹر مڈل ایسٹ و سینٹرل ایشیا جہاد آزور نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں سیلاب کی وجہ سے جانی و مالی نقصان پر افسوس ہے اور آئی ایم ایف پاکستان کو اس مشکل میں سپورٹ کرتا ہے جبکہ اس سلسلے میں آئی ایم ایف پروگرام میں توسیع بھی کی گئی۔
انہوں نے کہا کہ توسیعی پروگرام سے پاکستان کو کووڈ کے بعد سے پیدا صورت حال سے نمٹنے میں مدد ملے گی اور حال ہی میں پاکستان کا پروگرام ریویو ہوا جس میں 12 ارب ڈالر کی رقم دی گئی، امید ہے نومبر میں اگلے ریویو کی تیاری مکمل ہو جائے گی جب کہ ورلڈ بینک اور یو این ڈی پی کی جائزہ رپورٹ میں پاکستان کی معاشی و اقتصادی صورتحال کا پتہ چلے گا۔
آئی ایم ایف کے ڈائریکٹر مڈل ایسٹ و سینٹرل ایشیا نے کہا کہ جائزہ کے بعد پتہ چلے گا کہ پاکستان کی مدد کیسے کی جا سکتی ہے، اشیا پر سبسڈی دینا کبھی مددگار ثابت نہیں ہوتا اور اشیا پر سبسڈی دینا رجعت پسندی ہے، پاکستان سمیت دیگر ممالک کو کہہ رہے ہیں کہ سبسڈی دینے کی جگہ وسائل کا استعمال کریں لیکن یہ آئی ایم ایف کی شرائط نہیں بلکہ مہنگائی کے دور میں ضرورت مندوں کی مدد کا طریقہ ہے۔
[…] آباد (مسائل نیوز) وزیر خزانہ اسحاق ڈارنے وزارت خزانہ کو آئی ٹی کی ترقی میں حائل رکاوٹیں دور […]
[…] آباد(مسائل نیوز)پاکستان اور عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کے درمیان مذاکرات جاری ہیں جس میں […]