پوری پارٹی کو آپ پر فخر ہے،شہباز گل کی ضمانت پر فواد چوہدری کا ردِعمل آ گیا
اسلام آباد(مسائل نیوز) تحریک انصاف کے رہنما شہباز گل کی درخواست ضمانت بعد از گرفتاری منظور کر لی گئی،اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ نے ضمانت منظور کی۔شہباز گل کی ضمانت پر پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری کی جانب سے ردِعمل دیا گیا ہے۔انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ شہباز گل کی رہائی انصاف اور جمہوریت کی فتح ہے، پارٹی اور عمران خان کیلئے جس طرح شہباز ایک سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑے رہے آج ان کی اس جرات پر پوری پارٹی کو فخر ہے ۔
خیال رہے کہ چیف جسٹس نے بغاوت کے مقدمے میں شہباز گل کو رہا کرنے کا حکم دے دیا۔عدالت نے فریقین کے دلائل کے بعد احکامات جاری کئے۔
عدالت نے شہباز گل کو 5 لاکھ کے مچلکے جمع کرانے کا حکم دے دیا۔ اسلام آباد ہائیکورٹ میں بغاوت مقدمے میں شہباز گل کی ضمانت کی درخواست پر سماعت ہوئی۔ملزم کے وکیل سلمان صفدر نے دلائل میں کہا ہے کہ شہباز گل کی درخواست ضمانت ایڈیشنل سیشن جج نے مسترد کی تھی۔
- Advertisement -
مقدمہ میں 14 دفعات لگائی گئیں ہیں۔تفتیش مکمل ہو چکی ہے، برآمدگی اور کوئی نہیں کرنی۔ انہوں نے دلائل دیے ہیں کہ ایک تقریر پر شہباز گل کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا۔ شہباز گل کیس خارج کرنے کی درخواست بھی زیر التوا ہے۔ شہباز گل پی ٹی آئی حکومت میں معاون خصوصی تھے۔شہباز گل کو حکومت ختم ہونے کے بعد عمران خان کا چیف آف ا سٹاف بنا دیا گیا۔
شہباز گل حکومت پر بہت تنقید کرتے ہیں۔ دلائل پرچیف جسٹس اطہر من اللہ نے شہباز گل کے وکیل کو سیاسی بات کرنے سے روک دیا، کہاآپ قانونی نکات پر دلائل دیں۔شہباز گل کے وکیل سلمان صفدر نے ایف آئی آر کا متن پڑھ کر سنا یا۔ وکیل کا کہناہے کہ پورا کیس ایک تقریر کے اردگرد گھومتا ہے۔چیف جسٹس اطہر من اللہ نے استفسار کیا کہ کیا یہ ساری باتیں شہباز گِل نے کہی تھیں؟ کیا ان تمام باتوں کا کوئی جواز پیش کیا جا سکتا ہے؟انہوں نے ریمارکس دیے کہ کیا سیاسی جماعت کے ایک ترجمان کے ان الفاظ کا کوئی جواز پیش کیا جا سکتا ہے؟ کیا سیاسی جماعتوں کو آرمڈ فورسز کو سیاست میں دھکیلنا چاہیے؟یہ صرف تقریر نہیں ہے۔
وکیل نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ شہباز گل کی گفتگو کا کچھ حصہ نکال کر سیاق و سباق سے الگ کر دیا گیا۔
[…] کورٹ نے بغاوت پر اکسانے کے مقدمے میں پی ٹی آئی رہنما شہباز گل کی ضمانت بعد از گرفتاری کی درخواست منظور کرتے ہوئے انہیں رہا […]