کوئٹہ،نان شاپس میں کم وزن آٹے نان کی تیاری وناقص صفائی کیخلاف بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی کارروائی جاری
کوئٹہ (مسائل نیوز)کوئٹہ شہر میں واقع نان شاپس میں کم وزن آٹے (پیڑے) سے نان کی تیاری و صفائی کے ناقص انتظامات سے متعلق عوامی شکایات موصول ہونے پر بلوچستان فوڈ اتھارٹی کا نان شاپس کی چیکنگ کا سلسلہ جاری ہے۔ اس سلسلے میں کوئٹہ کے علاقوں دیبہ اور وحدت کالونی میں بی ایف اے حکام نے دوران انسپیکشن 3 نان شاپس پر جرمانے عائد کر دئیے۔بی ایف اے کی معائنہ ٹیم نے مذکورہ علاقوں میں قائم نان شاپس کی چیکنگ کے دوران دکانوں میں صفائی و اشیاءذخیرہ کرنے کے انتظامات اور پیڑوں کے وزن کی جانچ کی، 3 نان شاپس میں آٹے (پیڑے)کا وزن مقررہ حد سے کم، دکانوں میں صفائی کی صورتحال غیر تسلی بخش اور ورکرز کی ذاتی صفائی کی حالت خراب پائی گئی جس پر مذکورہ تینوں مراکز پر جرمانے عائد کیے گئے، نان شاپس کے مالکان کو نان کی تیاری میں پیڑے کا وزن مقررہ حد کے مطابق رکھنے اور صفائی کے انتظامات بہتر کرنے کی ہدایت کی گئی۔ مزید برآں دودھ میں ملاوٹ پر برما ہوٹل اور سیٹلائٹ ٹا¶ن میں 3 ملک شاپس کی خلاف ایکشن لیا گیا، بی ایف اے موبائل ٹیسٹنگ لیبارٹری کے ذریعے متعدد دکانوں(ملک شاپس و جوس کارنرز) سے دودھ کے نمونے لیکر موقع پر ٹیسٹ کیے گئے، چیک کردہ 7 سیمپلز میں سے 3 دکانوں کا دودھ ملاوٹی و غیر صحت بخش ثابت ہوا، جس کی بناءپر مذکورہ تینوں مراکز پر جرمانے عائد کیے گئے۔ ملک شاپس اور جوس کارنرز کے مالکان کو صفائی و اشیاءذخیرہ کرنے کے انتظامات بہتر کرنے کی ہدایت کی گئی،ملک شاپس مالکان کو صارفین کی آسانی کیلئے اپنی دکانوں میں فروخت کردہ دودھ کی اقسام بارے تفصیلات آویزاں کرنے کی بھی سختی سے تنبیہ کی گئی۔ مزید برآں بی ایف اے کی ایک اور فوڈ سیفٹی ٹیم نے سمنگلی روڈ و خروٹ آباد میں متفرق کھانے پینے کے مراکز اور کڈنی ہسپتال کی کینٹین کا معائنہ کرتے ہوئے ہسپتال کی مرکزی کینٹین سمیت 3 مراکز پر جرمانے عائد کر دئیے۔ دیگر جرمانہ کیے گئے مراکز میں 1 نان شاپ کو دکان میں گندگی، کم وزن آٹے (پیڑے) سے نان کی تیاری اور ورکرز کی ذاتی صفائی نہ ہونے پر جرمانہ کیا گیا، 1 بیکری سے زائد المعیاد کیک، ڈبل روٹی اور ممنوعہ گٹکا پان پراگ برآمد ہوا جبکہ 1 جنرل اسٹور کے خلاف ایکسپائرڈ بسکٹ و پیکٹ مصالحوں کی موجودگی پر ایکشن لیا گیا۔ ہسپتال کی مرکزی کینٹین میں صفائی کی صورتحال غیر صحت بخش، کوڑا دان اوپن پائے گئے، جبکہ کینٹین کے کچن میں پابندی عائد و مضر صحت چائنیز نمک بھی موجود تھا، کینٹین انتظامیہ کو صفائی و اشیاءذخیرہ کرنے کے انتظامات فوری طور پر بہتر کرنے اور پکوان میں مضر صحت اجزاءکی آمیزش نہ کرنے کی سختی سے ہدایت کی گئی۔