اسٹیبلشمنٹ کا لگایا ہوا پودا
عمران خان نیازی بدقسمتی سے اسٹیبلشمنٹ کا ہی لگایا ہوا وہ پودا ہے جو آج محب وطن سیاست دانوں کو اپنی قلبی تسكین کی خاطر میر جعفر، میر صادق جیسے غداروں کے نام سے پکار رہا ہے۔ قوم کو اب یقین ہو جانا چاہیے کے میاں محمّد نواز شریف کو سازش اور دھاندلی کے ذریعے اقتدار سے باہر کرنے اورعمران خان نیازی کو دھاندلی زدہ انتخابات کے ذریعے پاکستانی قوم پر مسلط کرنے کی آج پاکستان کو کتنی بھاری قیمت ادا کرنی پڑ رہی ہے، افسوس! آج معیشت اور سیاسی استحکام تباہ ہو کر رہ گیا ہے غربت، بھوک، افلاس، مہنگائی، کرپشن اور غیر ملکی قرضوں میں بے پناہ اضافہ ہو چکا ہے پاکستان وینٹی لیٹر پر ہے اور سری لنکا کی طرح دیوالیہ ہونے کا خطرہ ہے۔ عمران خان نیازی نے اقتدار کی خاطر فوج کو تقسیم کر دیا ہے اور اب وہ پاکستان کے اداروں اور سالمیت پر بھی خود کش حملے کر رہا ہے ایسا ہی بھارت بھی چاہتا تھا کہ کشمیر کی آزادی تو دور کی بات عمران خان نیازی کے پھیلائے ہوئے گند کے بعد پاکستان اپنی بقاء کی جنگ لڑ رہا ہے۔ یاد رکھیں، بیرونی دشمنِ سلامتی کے لئے اتنا خطرناک ثابت نہیں ہوتا جتنا اندرونی، یہ بات سمجھ سے بالاتر بے کہ فوجی اسٹیبلشمنٹ اِس نازک ترین صورتحال میں تماشائی کیوں بنی ہوئی ہے؟ سیاست میں بے شک وہ نیوٹرل رہے مگر بات اب پاکستان کی سالمیت تک پہنچ چکی ہے جس کا فوری ادراک بہت ضروری ہے اس وقت ان کا نیوٹرل ہونا بھی سمجھ سے بالاتر بے، جبکہ یہی اسٹیبلشمنٹ عمران خان نیازی کو اس وقت سپورٹ کر رہی تھی جب میاں محمّد نواز شریف کے دور میں نا صرف پاکستان میں سیاسی اور معاشی استحکام آ چکا تھا بلکہ پاکستان بہت تیزی کے ساتھ ترقی کی طرف گامزن تھا چین کے ساتھ اربوں ڈالر کے ترقیاتی منصوبوں پر تیزی کے ساتھ عمل درآمد ہو رہا تھا، روپیہ ڈالر کے مقابلے میں مضبوط تھا،اسٹاک ایکسچینج تاریخِ کی بلندی پر تھا، انفرااسٹریکچر پر تیزی سے کام ہو رہا تھا،جی ڈی پی ریشو بھی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ چکی تھی مگر یکایک بیٹے سے تنخواہ نا لینے جیسے جرم میں پہلے میاں محمّد نواز شریف کو اقتدار سے فارغ کیا گیا، پھر سازش کے ذریعے میاں محمّد نواز شریف، مریم نواز اور ن لیگ کی بیشتر قیادتِ کو نام نہاد جھوٹے مقدمات میں جیل میں ڈال کر عمران خان نیازی کے لیے کامیابی کا راستہ ہموار کیا گیا مذید ستم ظریفی یہ کہ دھاندلی کے ذریعے قوم پر عمران خان نیازی کو مسلط کیا گیا اُس کی تمام تر ناکامی اور نا اہلی کے بعد بھی پونے 4 سال تک سرپرستی کی گئی۔ اب پاکستان کا نا قابل تلافی نقصان ہوتا دیکھ کر مجبوری کے تحت عمران خان نیازی سے جان چھڑانے کے لئے اسٹیبلشمنٹ کو نیوٹرل ہونا پڑا مگر سازشی عناصر عمران خان نیازی کی مردہ سیاست میں جان ڈالنے کے لئے “امریکی سازش” کا نیا ڈرامہ لے آئے جس کے بارے میں قومی سلامتی کمیٹی اور ڈی جی آئی ایس پی آر واضع طور پر یہ کہہ چُکے ہیں کہ کوئی سازش نہیں تھی، عوام کی مہنگائی اور بیروزگاری سے توجہ ہٹا کر امریكی سازش کے ٹرک کی بتی کے پیچھے لگا دیا گیا ہے۔ دوسری طرف بھارت پاکستان کے حالات پر اِس لیے خوش اور مطمئن ہے کہ جو کام وہ کروڑوں روپے خرچ کر کے پاکستان کی فوجی اسٹیبلشمنٹ کو تقسیم کرنے اور اُن کے لیے عوام میں نفرت پھیلانے کے لئے نا کر سکا وہ کام عمران خان نیازی نےفری کر کے ان کے عزائم کی تکمیل کر دی ہے۔ بدقسمتی سے اِس کے ذمہ دار وہی لوگ ہیں جنہوں نے ایک پلان اور سازش کے ذریعے ملک کی تمام بڑی جماعتوں بشمول پاکستان مُسلم لیگ ن کو پاکستانی سیاست سے مصنوعی طریقے سے باہر کر کے عمران خان نیازی کی شکل میں ایک نئی “ٹیسٹ ٹیوب” قیادت کو قوم پر مسلط کرنے کی ناکام کوشش کی جس کے خطرناک نتائج کا آج قوم کو سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ نظریہ ضرورت کی بنیاد پر اقتدار میں لایا گیا عمران خان نیازی آج اپنے لانے والوں کے خلاف ہی سوشل میڈیا کمپین چلوا رہا ہے۔ اللہ تعالیٰ پاکستان کی حفاظت کرے اور ملک کی سلامتی سیاسی اور معاشی استحکام سے کھیلنے والوں کو عقل و شعور عطا فرمائے۔ آمین