اسلام آباد(مسائل نیوز) پارٹی سربراہی سے ہٹانے کا کیس،الیکشن کمیشن نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کو جواب جمع کرانے کی ہدایت کر دی۔ تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن میں سابق وزیراعظم عمران خان کو پارٹی سربراہی سے ہٹانے کے کیس کی سماعت ہوئی،عمران خان کے وکیل بیرسٹر گوہرنے دلائل دئیے کہ درخواست گزار آفاق تو پیش ہی نہیں ہو رہے،عدم پیروی پر عمران خان کیخلاف درخواست خارج کی جائے۔
عمران خان کے وکیل نے بتایا کہ لاہور ہائیکورٹ الیکشن کمیشن کو عمران خان کیخلاف کارروائی سے روک چکی ہے۔ ممبر خیبرپختونخوا اکرام اللہ نے کہا کہ حکم امتناع تو نااہلی کے ڈکلیئریشن دینے کی حد تک لگ رہا ہے،بیرسٹر گوہر نے کہا کہ لاہور ہائیکورٹ نے معاملہ فل بینچ کو بھجوا دیا ہے۔
ممبر خیبرپختونخوا اکرام اللہ کا کہنا تھا کہ لاہور ہائیکورٹ میں جو درخواست تھی اسکی کاپی فراہم کریں،بیرسٹر گوہر نے بتایا کہ لاہور ہائیکورٹ کے حکمنامے میں الیکشن کمیشن کا نوٹس موجود ہے۔
- Advertisement -
ممبر خیبرپختونخوا اکرام اللہ نے کہا کہ الیکشن کمیشن ابھی قابل سماعت ہونے کا فیصلہ بھی نہیں کرتا اور معاملہ عدالت میں لے جاتے ہیں،اسٹے آرڈر کے بعد ہمارا کام صرف آنا،بیٹھنا اور جانا رہ گیا ہے۔ ممبر بلوچستان نے کہا کہ ہائیکورٹ نے کیس چلانے سے نہیں روکا،عمران خان کے وکیل نے کہا کہ موجودہ کیس میں الیکشن کمیشن نے سوموٹو لیا ہے۔ ممبر خیبرپختونخوا کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن سوموٹو لیتا ہے اور نہ ہی ایسا کوئی اختیار ہے۔
کچھ درخواستیں کمیشن کے دفتر میں موصول ہوتی ہیں،ان پر کارروائی کرتے ہیں،معاملے کو سو موٹو نہیں کہہ سکتے،درخواست گزار کو بھی نوٹس کر رہے ہیں کہ وہ دلچسپی رکھتا ہے یا نہیں؟ الیکشن کمیشن نے کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو جواب جمع کرانے کی ہدایت کر دی ہے، الیکشن کمیشن نے عمران خان کو پارٹی سربراہی سے ہٹانے سے متعلق کیس کی سماعت 7 مارچ تک ملتوی کر دی۔