اسلام آباد (مسائل نیوز) ملک کے جنوبی علاقوں میں پاور پلانٹس کی ٹرپنگ کا معاملہ،24 گھنٹے گزرنے کے بعد بھی ملک میں بجلی کے بحران پر مکمل قابو نہ پایا جا سکا۔ کراچی سمیت ملک کے جنوبی حصے میں بجلی مکمل طور پر بحال نہ ہو سکی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ٹرانسمیشن کی بحال کا کام جاری ہے،ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے رپورٹ کیا گیا ہے کہ ملک بھر میں بجلی کا شارٹ فال 7 ہزار 932 میگا واٹ تک پہنچ گیا،بجلی کی طلب 24 ہزار میگا واٹ جبکہ مختلف ذرائع سے بجلی کی پیداوار 16 ہزار 68 میگا واٹ کی جا رہی ہے،شارٹ فال کے باعث ملک کے مختلف شہروں میں لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ بڑھا دیا گیا۔
تھرمل پاور پلانٹس 50 فیصد بجلی پیدا کر رہے ہیں اور تربیلا ڈیم کے بجلی پیدا کرنے والے 10 یونٹس بند ہیں۔
وزرات توانائی اور پیداوار پورے ملک میں بجلی بحال کرنے کا دعویٰ کردیا۔ وزرات توانائی اور پیداوار کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا کہ بجلی کی ترسیل کا نظام پورے ملک میں مکمل بحال کر دیا گیا ہے، آج صبح کراچی کے جنوب میں پانچ سو کے وی کی 2 لائنوں میں آنے والے خلل کو دور کر دیا گیا ہے، جس کے بعد ملک میں بجلی بحال ہوگئی جب کہ متبادل ذرائع سے بجلی کی رسد بڑھائی جا رہی ہے جو جلد معمول پر آجائے گی۔
- Advertisement -
ملک میں بڑے بریک ڈاؤن کی وجہ سے کئی علاقے تاحال بجلی سے محروم ہیں، سندھ، بلوچستان اور پنجاب کے بیشتر شہروں کو بجلی کی سپلائی تاحال معطل ہے، لاہور میں 1100 میگاواٹ کے شارٹ فال کے باعث ہر گھنٹے بعد ایک گھنٹے کی جبری لوڈشیڈنگ نے شہریوں کے معمولات زندگی کو بری طرح متاثر کردیا۔ معلوم ہوا ہے کہ ملک میں بجلی کے بریک ڈاون کے معاملے کی تحقیقات کے لیے چار رکنی کمیٹی قائم کی گئی ہے، کمیٹی کے سربراہ جی ایم ٹیکنیکل ہوں گے، کمیٹی میں جی ایم نارتھ، چیف انجینئر، ایس جی نارتھ اور چیف انجنیئر آپریشن شامل ہیں، این ٹی ڈی سی کی کمیٹی معاملے کی انکوائرہی کرکے چار دن میں رپورٹ جمع کرائے گی۔