MNN News
مسائل آپ کے اجاگر ہم کرینگے

ممنوعہ فنڈنگ کیس؛ عمران خان کی 18 اکتوبر تک حفاظتی ضمانت منظور

0 383

Get real time updates directly on you device, subscribe now.

اسلام آباد(مسائل نیوز)اسلام آباد ہائی کورٹ نے فارن فنڈنگ کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی 18 اکتوبر تک حفاظتی ضمانت منظور کرلی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان اسلام آباد ہائی کورٹ میں پیش ہوئے، جہاں اسلام آباد ہائی کورٹ نے 5 ہزار روپے کے ضمانتی مچلکوں کے عوض عمران خان کی 18 اکتوبر تک حفاظتی ضمانت منظور کی، دوران سماعت چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ اطہر من اللہ نے ریمارکس دیے کہ یہ عدالت عمران خان کو حفاظتی ضمانت دے دیتی ہے۔
اس پر ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے کہا کہ عمران خان کو عبوری ضمانت اسپیشل سینٹرل کورٹ دے سکتی ہے، اگر دائرہ اختیار کا کوئی مسئلہ آتا ہے تو وہ ٹرائل کے دوران ہو گا۔ جس کے جواب میں چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ کا کہنا تھا کہ پیر تک یہ درخواست زیر التوا رکھ لیتے ہیں، تب تک دائرہ اختیار کا مسئلہ حل ہو جائے گا، اگر دائرہ اختیار کا مسئلہ حل نہیں ہوتا تو یہ عدالت اس کو حل کرے گی۔
سماعت کے موقع پر عمران خان کے وکیل سلمان صفدر نے دلائل دیے کہ ضمنی انتخابات کا معاملہ چل رہا ہے عمران خان کو حاضری سے استثنیٰ دے دیا جائے، اسی طرح کے مقدمات لاہور اور کراچی میں بھی ہیں، اس کے علاوہ ضمنی انتخابات بھی ہو رہے ہیں لہٰذا پیر کو حاضری سے استثنیٰ دی جائے۔ اس پر چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ نے کہا کہ اگر عمران خان نے وہاں جانا ہے تو چلے جائیں۔
قبل ازیں عمران خان ممنوعہ فنڈنگ کیس میں حفاظتی ضمانت کیلئے اسلام آباد ہائیکورٹ پہنچے تو صحافی نے سوال کیا کہ ضمانت نہ ملی تو کیا ہوگا؟ عمران خان نے جواب دیا کہ میں نے جیل کی بھی تیاری رکھی ہے۔ فون ٹیپ ہونے کے سوال پر چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ سرویلنس ہوتی ہے یہ پتہ تھا لیکن کال لیک ہونا غلط ہے، فون لیک کرنا بہت بڑا جرم ہے، ٹیلی فون ٹیپ ہوتے ہیں مگر اس کو ریلیز کیا جا رہا ہے جو نیشنل سکیورٹی کا مسئلہ ہے۔

Get real time updates directly on you device, subscribe now.

Leave A Reply

Your email address will not be published.