افغان ہماری دھرتی پر روزی کما رہے ہیں اورہمارے بچوں کے خون سے ہولی کھیلتے ہیں: خواجہ آصف
اسلام آباد (مسائل نیوز) وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ افغان ہماری دھرتی پر روزی کما رہے ہیں اورہمارے بچوں کے خون سے ہولی کھیلتے ہیں۔ ہم نے جن کے لیے 2 طویل جنگیں لڑیں، اپنا امن اور اپنی معیشت تباہ کر لی۔دنیا کی تاریخ میں اتنی محسن کشی کبھی نہیں ہوئی۔
- Advertisement -
’’جیو نیوز ‘‘ کے مطابق وزیر دفاع خواجہ آصف نے فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں کی فائرنگ میں زخمی ہو کر شہادت کا رتبہ پانے والے میجر عدنان اسلم کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ افغان ہماری دھرتی پر روزی کما رہے ہیں اور افغان سر زمین سے دہشت گرد ہمارے بچوں کے خون سے ہولی کھیلنے آتے ہیں۔ پاک فوج نے پھر اپنے ایک بہادر بیٹے کو وطن پہ قربان کیا، 5 دہشت گردوں میں سے 3افغان تھے جب کہ 2 کا تعلق کالعدم ٹی ٹی پی سے تھا۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے جن کے لیے 2 طویل جنگیں لڑیں، اپنا امن اور اپنی معیشت تباہ کر لی، لاکھوں شہید ہوگئے، 60، 70 لاکھ افغان ہماری دھرتی پہ موجود ہیں، روزی کما رہے ہیں، بڑے بڑے ٹرانسپورٹر اور ارب پتی ٹھیکیدار ہیں۔افغان سر زمین سے ہمارے بچوں کے خون سے ہولی کھیلنے والے دہشت گرد اور افغان شہری آتے ہیں، دنیا کی تاریخ میں اتنی محسن کشی کبھی نہیں ہوئی۔