سابق آئی سی سی امپائر روڈی کوئٹزن ٹریفک حادثے میں انتقال کرگئے
کیپ ٹاﺅن(مسائل نیوز) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ایلیٹ پینل کے سابق امپائر جنوبی افریقہ کے امپائر روڈی کوئٹزن ٹریفک حادثے میں انتقال کرگئے۔ خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق جنوبی افریقا کے شہر ریور سڈیل میں کار حادثہ پیش آیا جس میں سابق امپائر سمیت 3 افراد زندگی کی بازی ہار گئے۔ 73 سالہ روڈی کوئٹزن نے اپنے انٹرنیشنل کیرئیر کے دوران 397 میچوں میں آن فیلڈ اور تھرڈ امپائر کا کردار ادا کیا، انہوں نے 128 ٹیسٹ، ریکارڈ 250 ون ڈے اور 19 ٹی20 میچوں میں امپائرنگ کے فرائض نبھائے۔
سابق امپائر جو اپنی ’سست موت کی انگلی‘ کے لیے جانا جاتا تھا انہوں نے متعدد میگا ایونٹ میں امپائر کے فرائض انجام دیے جن میں ایشیز سیریز، 2003ء اور 2007ء کے ورلڈ کپ شامل ہیں۔
روڈی کوئٹزن نے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2004ء اور 2006ء میں بھی فرائض انجام دیے، جہاں وہ فائنل میں آن فیلڈ امپائروں میں سے ایک تھے۔ آئی سی سی کے ایلیٹ پینل امپائر کوئٹزن 1990ء سے 2010ء تک کرکٹ کی دنیا سب سے زیادہ میچوں میں نمائندگی کرنے کا اعزاز اپنے نام رکھتے ہیں، وہ الاقوامی سطح پر تقریباً 400 میچوں میں امپائرنگ کرچکے ہیں۔ دوسری جانب انکی اچانک موت پر سابق کرکٹرز سمیت امپائرز نے شدید رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔