انتخابات کروانے کیلئے ہر وقت تیار ہیں..الیکشن کمشنر پنجاب
لاہور (مسائل نیوز) الیکشن کمشنر پنجاب سعید گل کا کہنا ہے کہ انتخابات کروانے کیلئے ہر وقت تیار ہیں۔ تفصیلات کے مطابق الیکشن کمشنر پنجاب سعید گل نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ الیکشن اور مردم شماری الگ الگ چیزیں ہیں،مردم شماری کو بنیاد بنا کر الیکشن ملتوی نہیں کیے جا سکتے۔فنڈز کی فراہمی وفاقی حکومت کا کام ہے اور الیکشن کروانے کیلئے ہر وقت تیار ہیں۔
یاد رہے کہ پنجاب اور خیبرپختونخوا انتخابات سے متعلق وزارت داخلہ نے سول آرمڈ فورسز دینے سے معذرت کر لی ہے،وزارت داخلہ نے الیکشن کمیشن کو جی ایچ کیو کے جواب سے آگاہ کردیا۔وزات داخلہ کے خط میں کہا گیا کہ صوبوں میں عام انتخابات اور قومی اسمبلی کے 64 حلقوں میں ضمنی الیکشن کیلئے فورسز کی فراہمی ممکن نہیں،راجن پور ضمنی انتخاب کیلئے رینجرز بطور کوئیک رسپانس فورس دی جاسکتی ہے۔
وزارت داخلہ نے الیکشن کمیشن کو خط میں پشاور بم دھماکے کا بھی تذکرہ کیا اور کہا کہ حالیہ دہشت گردی کے واقعات کے بعد سیکیورٹی صورتحال ٹھیک نہیں،سیکیورٹی فورسز دہشت گردی سے نمٹنے میں مصروف ہیں۔دہشت گرد گروپ نے سیاسی جماعتوں کو کھلے عام حملوں کی دھمکیاں دیں۔ خط کے مطابق انتخابی مہم کے دوران دہشت گردی کے واقعات رونما ہونے کا خدشہ ہے،فوج کے جوان مردم شماری کے لیے بھی سکیورٹی فراہم کریں گے۔
جبکہ پشاور ہائیکورٹ نے خیبر پختو نخوا میں الیکشن سے متعلق درخواست پر صوبائی حکومت اور الیکشن کمیشن سے جواب طلب کر رکھا ہے۔پشاور ہائیکورٹ میں 90 روز میں خیبر پختو نخوا الیکشن سے متعلق پی ٹی آئی کی درخواست پر سماعت ہوئی،درخواست گزار کے وکیل نے بتایا کہ آئین کے مطابق انتخابات کیلئے تاریخ دینا گورنر کی ذمہ داری ہے اور اسمبلی تحلیل کے بعد 90 دن میں انتخابات کرانا لازمی ہے۔جسٹس ایس ایم عتیق شاہ نے ریمارکس دئیے کہ قانون کے مطابق 90 روز میں الیکشن کرانا لازمی ہے۔