بلوچستان میں امن و امان کی بگڑتی صورتحال نے لوگوں کو مشکلات کا شکار کر رکھا ہے، ڈاکٹر مالک
تربت (مسائل نیوز) نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر سابق وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ سے سابق صوبائی وزیر میر اصغر علی رند نے ان کی رہائش گاہ پر تفصیلی ملاقات کی۔ ملکی سیاسی صورتحال اور علاقائی مسائل سمیت بلدیاتی انتخابات اور دیگر مسائل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں رہنماؤں نے بلدیاتی انتخابات میں مشترکہ لائحہ عمل اختیار کرنے پر اتفاق کیا۔ ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے ملک میں موجود سیاسی، معاشی اور انتظامی بحران کو ملک کے لیے نقصان دہ قرار دیتے ہوئے خدشات کا اظہار کیا کہ مزید سیاسی اور انتظامی بحران ملک کی معیشت کے لیے نیک شگون ثابت نہیں ہوگا۔ موجود حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ ملک کے اہم معاشی و سیاسی مسائل کو حل کرنے کے حوالے سے اقدامات کیے۔ انہوں نے کہا کہ شفاف اور منصفانہ انتخابات ملک کے مسائل کے حل کی جانب پیشرفت ثابت ہوں گے۔ انتخابی عمل میں بے جا مداخلت کی وجہ سے ملک سیاسی و معاشی بحران کا شکار ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں حکومت نام کی کوئی شے عملا وجود نہیں رکھتی، صوبہ بد انتظامی کا شکار ہے، امن و امان کی بگڑتی صورتحال نے لوگوں کو مشکلات کا شکار کردیا ہے۔ ملاقات میں نیشنل پارٹی کے مرکزی سیکرٹری جنرل جان محمد بلیدی، واجہ ابوالحسن، نثار احمد بزنجو، مشکور بلوچ اور بلوچستان نیشنل پارٹی (عوامی) کے فدا مریدزئی، خلیل تگرانی، عبدی خان رند، ظریفی زدگ، یونس بلوچ، ظفر ہوت، عارف قریش اور علی بیت اللہ بھی موجود تھے۔