نئے ایڈمنسٹریٹر کراچی کیلئے ڈاکٹر سیف الرحمان کا نام فائنل
کراچی(مسائل نیوز)نئے ایڈمنسٹریٹر کراچی کیلئے پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم پاکستان میں اتفاق ہو گیا،ایڈمنسٹریٹر کراچی کیلئے ڈاکٹر سیف الرحمان کا نام فائنل کر لیا گیا ہے۔سیف الرحمان اس وقت گورنر سندھ کے پرنسپل سیکریٹری کے فرائض انجام دے رہے ہیں اور میونسپل کمشنر کے ایم سی بھی رہ چکے ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پیپلز پارٹی نے ایم کیو ایم کا مطالبہ مان لیا اور ڈاکٹر سیف الرحمان نئے ایڈمنسٹریٹر کراچی ہوں گے اس سلسلے میں وزیر اعلٰی سندھ مراد علی شاہ کی زیر صدارت پیپلز پارٹی کا اہم مشاورتی اجلاس ہوا جس میں وزیر اطلاعات سندھ شرجیل میمن،وزیر بلدیات ناصر حسین شاہ،وزیر محنت سعید غنی اور وزیر خوراک مکیش چاولہ بھی شریک ہوئے۔
اجلاس میں ایڈمنسٹریٹر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب بھی شریک ہوئے۔
ایڈمنسٹریٹر کراچی کیلئے ایم کیو ایم کی جانب سے سیف الرحمان اور عبدالوسیم کے نام دیے گئے۔بلدیہ عظمٰی کراچی میں نیا ایڈمنسٹریٹر آج تعینات کئے جانے کا امکان ظاہر کیا جا رہا تھا۔سیاسی ایڈمنسٹریٹر کے طور پر رہنماء ایم کیو ایم عبد الوسیم کا نام بھی زیر غور تھا جبکہ سرکاری افسر کو ایڈمنسٹریٹر بنانے کی صورت میں ڈاکٹر سیف الرحمان کے انتخاب کا امکان ظاہر کیا گیا۔
- Advertisement -
ایم کیو ایم کے مطالبے پر ایک ضلعی میونسپل ایڈمنسٹریٹر کو بھی آج تبدیل کئے جانے کا امکان ہے،ڈسٹرکٹ میونسپل کارپوریشن ایسٹ میں ایم کیو ایم کا نامزد کردہ افسر ایڈمنسٹریٹر مقرر ہو گا۔ یاد رہے کہ پیپلز پارٹی نے وفاقی حکومت بنانے کیلئے ایم کیو ایم کے ووٹ حاصل کرکے ایڈمسنٹریٹر کا عہدہ دینے کا وعدہ کیا تھا۔دوسری جانب امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم چاہ رہی ہے کہ پی پی جو لوٹ رہی ہے اس میں سے کچھ انہیں بھی مل جائے۔ہمارا مطالبہ ہے سیاسی ایڈمنسٹریٹر کو فوری طور پر برطرف کیا جائے،ایک پارٹی کا ایڈمنسٹریٹر ہٹا کر دوسری پارٹی کا سیاسی ایڈمنسٹریٹر لگایا جا رہا ہے۔بلدیاتی الیکشن روکنے کی سازش کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔
[…] (مسائل نیوز) خیبرپختونخوا حکومت کے ترجمان بیرسٹر سیف نے کہا ہے کہ شہبازشریف کو کوئی سلام بھی کرے تو جواب میں […]