ن لیگ کو بڑا دھچکا، سینئر رہنما مہتاب عباسی کا پارٹی چھوڑنے کا فیصلہ
اسلام آباد(مسائل نیوز) سابق گورنر اور وزیراعلیٰ مہتاب عباسی مسلم لیگ ن سے دلبرداشتہ ہو گئے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق مہتاب عباسی نے ن لیگ سے راہیں جدا کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ آج پریس کانفرنس میں پارٹی چھوڑنے کا اعلان کریں گے۔سردار مہتاب عباسی پارٹی کے فیصلوں پر تحفظات رکھتے ہیں۔سردار مہتاب عباسی کا موقف ہے کہ پارٹی قیادت کی جانب سے نظر انداز کیا جانا برداشت نہیں۔
مرکزی نائب صدارت سے مستعفی ہونے کا اعلان آج پریس کانفرنس میں کریں گے۔سردار مہتاب عباسی کا شمار پارٹی قائد نوازشریف کے قریبی ساتھیوں میں ہوتا ہے۔
گذشتہ کچھ عرصہ میں کئی رہنما پارٹی پالیسیوں اور رویے سے نالاں رہتے ہیں۔یہ اطلاعات بھی گردش کرنے لگی تھیں کہ مختلف سیاسی جماعتوں سے تعلق رکھنے والے سیاستدانوں سے رابطہ کرکے نئی سیاسی جماعت تشکیل دی جا رہی ہے۔
کہا جا رہا ہے ن لیگ کے سابق وزیراعظم شاہد خاقان اور سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل اس نئی جماعت کا حصہ ہوں گے۔شاہد خاقان عباسی کے متعلق سوشل میڈیا پر بھی یہ خبریں گردش کر رہی تھیں کہ انہوں نے ن لیگ سے استعفیٰ دے دیا تاہم شاہد خاقان نے تردید کی ۔جب کہ مفتاح اسماعیل نے بھی تردید کرتے ہوئے کہا کہ کراچی سے دو مرتبہ الیکشن ہارنے والا شخص کیسے سیاسی جماعت تشکیل دے سکتا ہے۔
مفتاح اسماعیل نے شاہد خاقان عباسی کے حوالے سے بھی تردید کی کہ انہوں نے پارٹی سے استعفیٰ دے دیا۔مفتاح اسماعیل اور شاہد خاقان عباسی کا خیال ہے کہ کچھ لوگوں کو لگتا ہو گا کہ نئی جماعت تشکیل دی جا رہی ہے کیونکہ میں نے اور میرے کچھ ہم خیال سیاستدان دوست اسلام آباد اور صوبائی دارالحکومتوں میں سیمنار کا انعقاد کر رہے ہیں۔ہمارا ان سیمینارز کے حوالے سے کوئی مخفی ایجنڈا نہیں ہے۔ یہ سیمینار دراصل اُن مسائل کے حوالے سے منعقد کیے جا رہے ہیں جو پاکستان کے لیے باعث تشویش بنے ہوئے ہیں۔مختلف سیاسی جماعتوں سے تعلق رکھنے والے سیاستدانوں کو مدعو کیا گیا ہے تاکہ ملکی مسائل پر اتفاق رائے حاصل ہو سکے۔