پاک، بھارت میچ کی منسوخی سے مالی بحران کااندیشہ! سری لنکا کی پی سی بی سے بڑی درخواست
سری لنکامسائل نیوز)سری لنکا کرکٹ بورڈ نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) سے آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 میں بھارت کے خلاف شیڈول میچ میں شرکت نہ کرنے کے فیصلے پر دوبارہ غور کرنے کی اپیل کی ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق سری لنکا کرکٹ نے پی سی بی کو ایک باقاعدہ خط لکھا ہے جس میں واضح کیا گیا ہے کہ 15 فروری کو کولمبو میں ہونے والا یہ ہائی پروفائل مقابلہ اگر منسوخ ہوا تو میزبان بورڈ کو شدید مالی نقصان کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ اس میچ کی منسوخی سے ٹکٹ سیلز، اسپانسرشپ اور دیگر آمدنی کے ذرائع پر براہ راست اثر پڑے گا۔
سری لنکا کرکٹ نے اپنے بیان میں زور دیا ہے کہ پاکستان کی عدم شرکت کے نتیجے میں نہ صرف مالی طور پر بلکہ سیاحت کے شعبے میں بھی نمایاں کمی آ سکتی ہے کیونکہ اس میچ کی وجہ سے کولمبو میں ہوٹلوں اور دیگر سہولیات کی بکنگ میں پہلے سے بہت اضافہ دیکھا جا رہا تھا مگر اب کئی بکنگ منسوخ ہو چکی ہیں۔
- Advertisement -
لنکن بورڈ نے پی سی بی سے درخواست کی ہے کہ وہ موجودہ غیر معمولی حالات، دونوں ملکوں کے کرکٹ بورڈز کے دیرینہ اور اچھے تعلقات اور کرکٹ کھیل کے مجموعی مفاد کو سامنے رکھتے ہوئے اس فیصلے کا جائزہ لے۔
یہ صورتحال اس وقت پیدا ہوئی جب پاکستان کی حکومت نے قومی ٹیم کو بھارت کے خلاف میچ کھیلنے سے روک دیا تھا۔ اس سے قبل بھارتی میڈیا میں یہ بھی رپورٹس آئیں تھیں کہ آئی سی سی پاکستان کو اس موقف سے پیچھے ہٹانے کے لیے کوششیں کر رہی ہے۔
واضح رہے کہ آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 کا آغاز 7 فروری سے بھارت اور سری لنکا میں ہو رہا ہے۔ پاکستان کی تمام میچز کولمبو میں شیڈول ہیں، اور یہ ٹورنامنٹ کرکٹ کے شائقین کے لیے ایک بڑا موقع ہے۔