پی ٹی آئی کو آل پارٹیز کانفرنس میں شمولیت کا کوئی دعوت نامہ نہیں ملا
اسلام آباد (مسائل نیوز)پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ حکومت یا وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سےپی ٹی آئی کو آل پارٹیز کانفرنس میں شمولیت کا کوئی دعوت نامہ نہیں ملا۔انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ شہباز شریف نے میڈیا پر دہشت گردی کے معاملے پر آل پارٹیز کانفرنس اور تحریک انصاف کو شمولیت کی دعوت دی لیکن ابھی تک اس ضمن میں تحریک انصاف کو کوئی دعوت نامہ نہیں ملا۔
فواد چوہدری نے کہا کہ باقاعدہ دعوت نامہ ملا تو اس کانفرنس میں شرکت پر مشاورت کریں گے۔
جبکہ اے پی سی میں پی ٹی آئی کو دعوت کے بعد پاکستان تحریک انصاف شیخ رشید احمد اور اعظم سواتی کو نامزد کرنے پر غور کر رہی ہے۔
ذرائع کے مطابق چئیرمین پی ٹی آئی عمران خان کو فواد چوہدری نے مشورہ دیا کہ اے پی سی میں شیخ رشید احمد اور اعظم سواتی کو پارٹی کی نمائندگی کرنی چاہیے۔
- Advertisement -
اس حوالےسے فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ عمران خان کو بھی مشورہ دیا ہے وزیر اعظم کی آل پارٹیز کانفرنس میں شیخ رشید احمد اور اعظم سواتی کو پارٹی کی طرف سے نمائندگی کے لئے بھیجا جائے۔ عمران خان سے ملاقات کے دوران فواد چوہدری نے مشورہ دیا کہ ہمیں شیخ رشید اور اعظم سواتی کو اے پی سی کے لئے نامزد کرنا چاہیے۔شیخ رشید احمد وزیرداخلہ رہ چکے ہیں اور ملک کو درپیش سیکیورٹی چیلنجز سے بخوبی واقف ہیں جبکہ اعظم سواتی بھی سینئر سیاستدان کے طور پر اے پی سی میں شرکت کر سکتے ہیں۔
اس حوالے سے حتمی فیصلہ پارٹی سربراہ عمران خان کریں گے۔ جبکہ سیکرٹری اطلاعات شوکت یوسفزئی نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کو وزیراعظم کی جانب سے اے پی سی میں شرکت کی دعوت ایک ٹیلی فون پر دی گئی تھی، حکومت اگر سنجیدہ ہوتی تو پاکستان تحریک انصاف کو باضابطہ طور پر مدعو کرتی،ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایک نجی ٹی وی سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف وزیراعظم کی اے پی سی میں شرکت نہیں کرے گی ۔