آصف زرداری نے جو پیسہ پلی بارگین میں دیا اب واپس لینے کے چکر میں ہیں،فواد چوہدری
اسلام آباد (مسائل نیوز) تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ نیب قوانین میں ترامیم کی سب سے بڑی مستفید ہونے والی شخصیت آصف زرداری ہیں اور اربوں روپے کے پلی بارگین کرنے والے اب پیسے واپس لیں گے اور آصف زرداری پلی بارگین کے تحت دینے والے پیسے واپس لینے کی کوششوں میں ہیں۔آصف زرداری کے جعلی اکاؤنٹس کیس کا کیا بنا؟آج عدالت میں سیکشن 25 کے سب سیکشن پر بحث ہوئی۔
اس سیکشن کے خاتمے کا فائدہ سب سے زیادہ آصف زردری کو ہے۔مریم نواز کو سائفر سے متعلق علم ہی نہیں وہ طارق فاطمی سے ہی پوچھ لیں کیونکہ سائفر ایک سسٹم ہے،کوئی خط یا ٹیلی گرام نہیں۔ فواد چوہدری نے نیب ترامیم سے متعلق کیس کی سماعت کے بعد سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے کیسز ختم کرانے کے لیے نیب قوانین تبدیل کیے جبکہ نیب قوانین میں ترامیم کے لیے پارلیمنٹ اور سینیٹ میں ایک دن بھی بحث نہیں ہوئی۔
عمران خان نے پہلے بتا دیا تھا کہ حکومتی تبدیلی کا بنیادی ایجنڈا ہی اپنے خلاف کیسز ختم کرنا تھا۔ایسا نظر آرہا ہے کہ پاکستان میں احتساب کا عمل ختم ہو گیا ہے اور مریم نواز نے گزشتہ روز جو پریس کانفرنس کی وہ سب کے سامنے ہے۔ انکا کہنا تھا کہ نیب قوانین میں ترامیم کے بعد نواز شریف کا کیس کلیئر کر دیا گیا جبکہ مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کے اکاؤنٹس کیسز کے فیصلے کدھر ہیں؟ن لیگ اور پیپلز پارٹی کی کرپشن پر پردہ ڈالنے کے لیے الیکشن کمیشن سیاسی تحفظ فراہم کر رہا ہے۔
رہنما تحریک انصاف نے کہا کہ سابق آصف علی زرداری نے جو پیسے پلی بارگین میں دئیے وہ اب واپس لینے کے چکروں میں ہیں۔شہباز شریف کے اکاؤنٹ میں 24 ارب روپے ہیں لیکن ان کا کیس کلیئر کر دیا گیا اور کرپشن سے لیا گیا پیسہ عمران خآن کے ٹیلی تھون میں جمع ہونے والے پیسے سے زیادہ ہے۔ فواد چوہدری کا مزید کہنا تھا کہ آج اسٹیٹ بینک کو عمران خان کے اکاؤنٹس کی تفصیلات کے لیے خط لکھا گیا اور کہا گیا اسٹیٹ بینک عمران خان کے بینک اکاؤنٹس کی تفصیلات دیں پھر فیصلہ ہو گا۔