1965کی جنگ اور قومی ہیرو ایم ایم عالم
کالم نگار: محمّد شہزاد بھٹی
6 ستمبر 1965 پاک بھارت معرکہ، جسے دنیا کی جنگی تاریخ میں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ فضا ہو یا پانی، خشک زمین ہو یا پہاڑ پاک فوج نے جرآت اور بہادری کی وہ داستانیں رقم کیں جنہیں ہمیشہ سنہری حروف میں لکھا جائے گا- 6 ستمبر 1965کو رات کے اندھیرے میں حملہ کرنے والے دشمن کے ناپاک ارادوں کو پاکستان کی مسلح افواج نے خاک میں ملا دیا۔ 1965 کی پاک بھارت جنگ میں ایم ایم عالم کے کارنامے کو فراموش نہیں کیا جا سکتا، مملکت خداداد پاکستان کے اس عظیم سپوت نے دشمن کا غرور خاک میں ملا دیا اور ایسا کارنامہ سرانجام دیا جو رہتی دنیا تک شاید کوئی نہ کر سکے۔ایم ایم عالم 6 جولائی 1935 کو کولکتہ کے ایک خوشحال اور تعلیم یافتہ گھرانے میں پیدا ہوئے۔ 1952 میں پاک فضائیہ میں شمولیت اختیار کی اور 1953 میں کمیشنڈ کے عہدے پر فائز ہوئے۔ 7 ستمبر 1965 کو ایم ایم عالم اور ان کی اسکواڈرن کے افسر جب سرگودھا کی ہواؤں میں معمول کی پرواز پر تھے تو کنٹرول ٹاور سے انہیں 5 بھارتی ہنٹر طیاروں سے نمٹنے کا سگنل ملا، ایم ایم عالم نے فضائی جھڑپ میں دشمن کے پانچوں ہنٹر طیارے مار گرائے اور عالمی ریکارڈ قائم کیا، ان میں سے 4 طیارے پہلے 30 سیکنڈ میں گرائے گئے۔ ایم ایم عالم کا کہنا تھا کہ انہیں خود بھی پتہ نہیں تھا کہ وہ فضائی جنگ میں ایک نئی تاریخ رقم کرنے جا رہے ہیں۔ لٹل ڈریگن نے نہایت خوبصورتی اور مہارت سے دشمن کو کچھ سمجھنے اور کہنے سے پہلے ہی خاک میں ملا دیا، 17 روزہ جنگ میں ایم ایم عالم نے دشمن کے 9 طیارے مار گرائے اور ایک کو نقصان پہنچایا۔ ایم ایم عالم کا یہ کارنامہ نہ صرف پاک فضائیہ بلکہ جنگی ہوا بازی کی عالمی تاریخ میں بھی ایک معجزہ تصور کیا جاتا ہے، انسانی تاریخ میں ان سے بڑا اور عظیم پائلٹ پیدا نہیں ہوا۔ اس بے مثال جرأت اور بہادری کے صلے میں ایم ایم عالم کو ستارہ جرأت سے نوازا گیا- 1965 کی جنگ میں شاندار عالمی ریکارڈ کے بعد ایم ایم عالم کو لٹل ڈریگن کا لقب دیا گیا-ا یم ایم عالم 1971کی جنگ کے بعد بنگلہ دیش سے آبائی تعلق کے باوجود پاکستان آ گئے اور اپنے آپ کو پاکستان کے دفاع کیلئے وقف کر دیا۔ 1982 میں وہ ائیر کموڈور کے عہدے سے ریٹائرڈ ہوئے۔ پھیپھڑوں کے مرض میں طویل علالت کے بعد 18 مارچ 2013 کو یہ قومی ہیرو خالق حقیقی سے جا ملا۔ انہیں کراچی میں سپرد خاک کیا گیا۔ اللّه کریم سے دعا ہے کہ 1965 کی جنگ کے تمام شہیدوں کے اور بالخصوص قومی ہیرو ایم ایم عالم درجات کو بلند فرمائے۔ آمین