پی ڈی ایم نے عمران خان کی نااہلی کیلئے الیکشن کمیشن میں ریفرنس جمع کرادیا
اسلام آباد (مسائل نیوز) مختلف جماعتوں کے اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) سے تعلق رکھنے اراکین نے غیر ملکی شہریوں سے ممنوعہ فنڈنگ لینے پر سابق وزیر اعظم عمران خان کو نااہل قرار دینے کے لیے الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) میں ریفرنس دائر کردیا۔رکن قومی اسمبلی بیرسٹر محسن نواز رانجھا نے نااہلی کے لیے ریفرنس چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا کو جمع کروایا جس پر قومی اسمبلی کے اراکین آغا حسن بلوچ، صلاح الدین ایوبی، علی گوہر خان، سید رفیع اللہ آغا اور سعد وسیم شیخ کے دستخط تھے۔
منگل کو الیکشن کمیشن نے اپنے فیصلے میں لکھا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے اپنی مرضی سے جان بوجھ کر غیر ملکی باشندوں سے ممنوعہ فنڈنگ حاصل کی اور مزید لکھا کہ عمران خان پاکستانی قوانین کے تحت اپنی ذمہ داریاں نبھانے میں ناکام رہے۔
الیکشن کمیشن کے فیصلے کے فوری بعد حکومتی اتحاد کے متعدد وزرا، رہنماؤں نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے عمران خان کے خلاف سخت کارروائی اور انہیں نااہل قرار دینے کا مطالبہ کیا تھا۔
- Advertisement -
گزشتہ روز پی ڈی ایم سربراہ مولان فضل الرحمن نے حکومت سے مطالبہ کیا تھا کہ عمران خان کو نااہل قرار دے کر مثال قائم کریں۔مولانا فضل الرحمٰن نے وزیر اعظم ہاؤس میں مشترکہ اتحاد کے اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا تھا کہ جیسا کہ عمران خان صادق و امین نہیں رہے اس لیے اس کے خلاف ریفرنس دائر ہونا چاہیے۔ریفرنس میں ای سی پی سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ آئین کے آرٹیکل 62 (1) (ایف)، 63 (2) اور 63 (3) کے تحت عمران خان کو نااہل قرار دیا جائے تاہم اپنے دعوے کو مزید مضبوط کرنے کے لیے ریفرنس میں دستاویزی ثبوت بھی شامل کیے گئے ہیں۔
آرٹیکل 62 (1) (ایف) کہتا ہے کہ کوئی شخص مجلس شوریٰ (پارلیمنٹ) کا رکن منتخب یا منتخب ہونے کا اہل نہیں ہوگا جب تک کہ وہ سمجھدار، نیک اور غیرت مند، ایماندار اور امین نہ ہو اور عدالت نے اس کے برعکس قرار نہ دیا ہو۔آرٹیکل 63 (2) کے مطابق ’اگر کوئی سوال اٹھے کہ آیا مجلس شوریٰ (پارلیمنٹ) کا کوئی رکن، رکن رہنے کے لیے نااہل ہوگیا ہے تو اسپیکر، یا جیسی بھی صورت ہو چیئرمین، تاوقتکیہ وہ فیصلہ کرے کہ مذکورہ کوئی سوال پیدا نہیں ہوا، اس سوال کو مذکورہ سوال پیدا ہونے سے 30 دن کے اندر الیکشن کمیشن کو بھیجے گا اور اگر وہ مذکورہ بالا مدت میں ایسا کرنے میں ناکام ہوجائے تو اس کو الیکشن کمیشن کو ارسال کردہ متصور کیا جائے گا۔
اسی طرح آرٹیکل 63 (3) میں کہا گیا ہے کہ ’الیکشن کمیشن اس سوال کا اس کی وصولی سے یا اس کو وصول کیا گیا متصور ہونے کے 90 روز کے اندر فیصلہ کرے گا اور اگر اس کی یہ رائے ہو کہ رکن نااہل ہوگیا ہے تو، وہ رکن نہیں رہے گا اور اس کی نشست خالی ہوجائے گی۔
[…] نیوز)پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ کسی بیرون ملک یا ملٹی نیشنل کمپنی سے پیسے […]
[…] آباد (مسائل نیوز)الیکشن کمیشن نے ق لیگ کے انٹرا پارٹی الیکشن روکنے کا حکم دے […]
[…] آباد(مسائل نیوز)چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی نااہلی کیلئے اسلام آباد ہائی کورٹ میں دائر درخواست پر سماعت […]