MNN News
مسائل آپ کے اجاگر ہم کرینگے

ضمنی الیکشن؛ حلقوں میں پاک فوج کی تعیناتی کے لیے رابطہ

0 213

Get real time updates directly on you device, subscribe now.

کراچی (مسائل نیوز) ضمنی انتخاب کے حوالے سے حلقوں میں پاک فوج کی تعیناتی کے لیے رابطہ کرلیا گیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ترجمان الیکشن کمیشن سندھ نے کہا ہے کہ ضمنی انتخابات کی سیکیورٹی کے لیے ہر ممکن قدم اٹھایا جائے گا، اس لیے حلقوں میں پاک فوج کی تعیناتی کے لیے رابطہ کیا اور ناخوشگوار صورتحال سےنمٹنےکےلیے پاک فوج کےجوان الرٹ رہیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ضمنی الیکشن میں سیکیورٹی سے متعلق کل اجلاس طلب کیا ہے، اجلاس کی صدارت چیف سیکریٹری سندھ کریں گے، اجلاس میں ڈی جی رینجرز، آئی جی سندھ پولیس بھی شرکت کریں گے۔ قبل ازیں چیف الیکشن کمشنر کی زیر صدارت اہم اجلاس ہوا، جس میں الیکشن کمیشن نے ضمنی انتخابات مقررہ وقت پر کرانے کا فیصلہ کیا، اس ضمن میں الیکشن کمیشن کا کہنا تھا کہ قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے ضمنی انتخابات 16 اکتوبر کو ہی ہوں گے، کراچی ڈویژن میں بلدیاتی انتخابات اعلان کردہ تاریخ 23 اکتوبر کو ہوں گے جب کہ این اے 45 کرم میں ضمنی انتخاب 16 اکتوبر کو نہیں ہو گا۔
واضح رہے کہ وزارت داخلہ نے 16 اکتوبر کو ضمنی الیکشن ملتوی کرنے کیلئے الیکشن کمیشن کو خط لکھا تھا، وزارت داخلہ نے باقاعدہ طور پر الیکشن کمیشن کو خط تحریر کیا ، اپنے خط میں وزارت داخلہ نے مؤقف اختیار کیا کہ الیکشن کمیشن نے ضمنی الیکشن اور بلدیاتی الیکشن ملتوی کیے تھے، سیلاب اور اس کے بعد بیماریوں بالخصوص ڈینگی نے صورتحال مزید بگاڑ دی ، پاک فوج اور ایف سی وسیع پیمانے پر ریلیف دینے میں مصروف ہے،وفاق اور صوبوں کی زیادہ تر توانائیاں بحالی کے کاموں میں لگے ہیں ۔
خط میں کہا گیا کہ مستند اطلاعات ہیں ایک سیاسی جماعت 12 سے 17 اکتوبر کے دوران اسلام آباد کا محاصرہ کرنا چاہتی ہے، محاصرے کی یہ تاریخیں 16 اکتوبر کے ضمنی انتخابات سے مطابقت رکھتی ہیں، اسلام آباد میں امن وامان کی صورتحال برقراررکھنے کیلئے بھاری نفری درکار ہوگی،ایسی صورتحال میں آرمی، رینجرز اورایف سی پر شدید دباؤ ہوگا، ان اداروں سے اضافی کام لیا گیا تو الیکشن کی ساکھ پر سوال اٹھ سکتے ہیں،الیکشن کمیشن کو انتخابات کے شیڈول میں تبدیلی کرنے کا اختیار حاصل ہے لہٰذا درخواست کی جاتی ہے کہ ضمنی انتخابات 90دن کیلئے ملتوی کیے جائیں۔

Get real time updates directly on you device, subscribe now.

Leave A Reply

Your email address will not be published.