کوئٹہ ریڈ زون میں ایف سی ہیڈکوارٹر دھماکے کے بعد سرچ آپریشن جاری 6افغان شہری سمیت4کرایہ داروں کو گرفتارکرلیا
کوئٹہ(مسائل نیوز)صوبائی دارالحکومت کوئٹہ کے ریڈ زون میں ایف سی ہیڈکوارٹر پر خودکش دھماکے کے بعد پولیس اور سیکیورٹی فورسز نے بھرپور سرچ آپریشن کرتے ہوئے 4 کرایہ داروں سمیت 6 افغانی شہریوں کو گرفتار کر لیا۔ حکام کے مطابق دہشتگردوں نے پولیس لائن اور اطراف میں بڑے حملے کا منصوبہ بنایا تھا، جس میں ٹارگٹ کلنگ یا خودکش حملے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔پولیس ذرائع کے مطابق شہر میں حفاظتی اقدامات مزید سخت کر دیے گئے ہیں۔ تمام ناکوں اور پوسٹوں پر گاڑیوں، موٹرسائیکل سواروں اور پیدل افراد کی سخت چیکنگ کی جا رہی ہے، جبکہ خواتین کی تلاشی لیڈی سرچرز کے ذریعے لی جا رہی ہے۔ گاڑیوں کی جانچ پڑتال سنیفنگ ڈاگز کے ذریعے بھی کی جا رہی ہے۔ پولیس لائن اور کینٹ ایریا میں اضافی نفری تعینات کردی گئی ہے اور اطراف میں عام شہریوں کو غیر ضروری طور پر کھڑے ہونے سے روک دیا گیا ہے۔:یو این اے: نیوز ایجنسی کے مطابق آپریشن گلوبل پلازہ کے اطراف میں بھی جاری رہا، جہاں 4 کرایہ داروں سمیت 6 افغانی شہریوں کو گرفتار کر لیا ۔ پولیس لائن کے اطراف موٹرسائیکل پارکنگ مکمل طور پر ختم کر دی گئی ہے اور ہر آنے جانے والے پر کڑی نظر رکھی جا رہی ہے۔دوسری جانب کوئٹہ بھر میں ہائی الرٹ نافذ کر دیا گیا ہے۔ شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر سخت ناکہ بندی اور چیکنگ کا آغاز کر دیا گیا ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ ناخوشگوار واقعے کو روکا جا سکے۔ ایئرپورٹ، ریلوے اسٹیشن، بس اڈوں، شاپنگ سینٹرز اور دیگر عوامی مقامات پر سادہ لباس اہلکار بھی تعینات کر دیے گئے ہیں۔ریڈ زون میں واقع بلوچستان اسمبلی، وزیراعلی ہاوس، گورنر ہاوس، آئی جی آفس اور سرینا ہوٹل سمیت دیگر اہم سرکاری عمارتوں کے اطراف رکاوٹیں کھڑی کر دی گئی ہیں اور ان علاقوں میں داخلے کے لیے خصوصی اجازت نامہ لازمی قرار دے دیا گیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی ہائی الرٹ چند روز تک برقرار رہے گا جب تک کہ خطرے کی نوعیت مکمل طور پر ختم نہ ہو جائے۔شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ شناختی دستاویزات ہمراہ رکھیں، چیکنگ کے دوران تعاون کریں اور کسی بھی مشکوک سرگرمی کی فوری اطلاع پولیس یا ہیلپ لائن پر دیں۔