اسلام آباد/کوئٹہ(ویب ڈیسک)صدر مملکت عارف علوی نے کہا ہے کہ بلوچستان میں ہمسایہ ممالک کے ساتھ تجارتی کراسنگ پوائنٹس کی تعداد بڑھانے کی ضرورت ہے، ملکی برآمدات بڑھانے کیلئے متعلقہ ادارے بلوچستان کے تاجروں کو سہولیات فراہم کرنے کیلئے اقدامات کریں،تجارتی کراسنگ پوائنٹس میں اضافے سے بلوچستان میں معاشی سرگرمیوں کو فروغ حاصل ہوگا، برآمدات کا حجم بڑھے گا۔
- Advertisement -
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی زیر صدارت بلوچستان میں بارڈر اور ٹریڈ مینجمنٹ پر اجلاس ہوا جس میں چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی، وزیر خزانہ شوکت فیاض ترین اور گورنر بلوچستان سید ظہور احمد آغا،وزیر اعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو، سیکرٹری داخلہ اور چیف سیکرٹری بلوچستان نے شرکت کی۔ صدر مملکت نے کہاکہ بلوچستان میں ہمسایہ ممالک کے ساتھ تجارتی کراسنگ پوائنٹس کی تعداد بڑھانے کی ضرورت ہے، ملکی برآمدات بڑھانے کیلئے متعلقہ ادارے بلوچستان کے تاجروں کو سہولیات فراہم کرنے کیلئے اقدامات کریں۔
انہوں نے کہاکہ تجارتی کراسنگ پوائنٹس میں اضافے سے بلوچستان میں معاشی سرگرمیوں کو فروغ حاصل ہوگا، برآمدات کا حجم بڑھے گا۔اجلاس میں بلوچستان کے عوام اور تاجروں کو درپیش مسائل پر بریفنگ دڈی گئی۔ صدر مملکت کو بتایاگیاکہ بلوچستان کے دور دراز علاقوں میں پیٹرول پمپس کی سہولت موجود نہیں، بارڈر کے علاقوں میں تاجروں کو ضروری سہولیات جیسا کہ مواصلات، بینکس اور سڑکوں کے بنیادی ڈھانچے کی عدم موجودگی جیسے مسائل کا سامنا ہے۔